آم کی وہ خصوصیات جن سے ہم لاعلم تھے
پھلوں کا بادشاہ آم جس کو اپنے لذیذ ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل ہے لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ آم میں غذائیت کے ساتھ بے شمار بیماریوں کا علاج بھی چھپا ہے جن سے ہم لاعلم ہیں۔
آم کھانے کا شوقین کون نہیں ہے اس کی لذت بھرے ذائقے اور مٹھاس کا ہر کوئی قائل ہے اور اسی وجہ سے آم کو پھلوں کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے لیکن ماہرین طب کے مطابق آم کھانے کے بے شمار فوائد ہیں جس کے ذریعے ہم مختلف بیماریوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔
سرطان سے بچاؤ:
تحقیق کاروں کے مطابق آم میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ سرطان کی بے شمار اقسام سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے ہم اس موذی مرض کو قابو کرسکتے ہیں۔
کولیسٹرول گھٹانے کے لیے؛
عام میں موجود ہائی لیول فائبر اور وٹامن سی خون میں کولیسٹرول کی مقدار کو گھٹانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے وزن بڑھنے سے پریشان ہونے والے افراد آم ضرور کھائیں۔
جلد اور آنکھوں کی تازگی کے لیے:
آج کے دور میں جلد اور آنکھوں کے مسائل سے ہر کوئی دوچار ہے چہرے پر اگر دانے نکل جائیں تو چہرے کی خوبصورتی بدصورتی میں بدل جاتی ہے لیکن آم کا استعمال چہرے پر نکلنے والے دانوں کو غائب کردیتا ہے جب کہ آم کے استعمال سے وٹامن اے کی 25 فیصد ضروریات پوری ہوتی ہیں اور آنکھوں کی بینائی پر بھی مثبت اثرات رونما ہوتے ہیں۔
ہیٹ اسٹروک موثر پھل:
گرمیوں کے دنوں ہر شخص کافی پریشان نظر آتا ہے کیونکہ سخت گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ہر وقت لگا رہتا ہے لیکن اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ پھلوں کے بادشاہ آم کے پاس اس کا بھی حل ہے۔ آم کے جوس کو پانی اور شوگر کے ساتھ ملاکر استعمال کیا جائے تو سخت لوکے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے لیے:
بہترنظام ہاضمہ کے لیے صرف پپیتا ہی مؤثر پھل نہیں بلکہ آم میں بھی یہ خوصوصیات پائی جاتی ہیں اور اسی وجہ سے طبی ماہرین آم کو نظام ہاضمہ کے لیے بہترین پھل مانتے ہیں۔