یوراگوئے کا پیدائشی نابینا شخص جو 3 ہزار پرندوں کی آواز پہچان سکتا ہے
یوراگوئے کا رہائشی 29 سالہ شخص پیدائشی طور پر نابینا ہے لیکن اپنی غیر معمولی حسِ سماعت کی بنا پر وہ ہزاروں پرندوں کو ان کی آواز اور چہچہاہٹ کی بنا پر شناخت کرسکتا ہے۔
یوراگوئے کا شہری جوآن پابلو سماعت کی ایک غیرمعمولی صلاحیت رکھتا ہے جس میں وہ آواز کی مطلق (ابسولوٹ) پِچ سن کر شناخت کرسکتا ہےاور یہ سننے کی ایک نایاب صلاحیت ہے اور کہتے ہیں کہ موزارٹ جیسا عظیم موسیقار بھی یہی صلاحیت رکھتا تھا۔
بچپن میں جوآن پابلو نامی اس نابینا شخص کے والد نے اسے پرندوں کی آوازوں کی ایک کیسٹ لاکردی تھی اور اسے پرندوں کی اقسام کے بارے میں بتانا شروع کیا تھا ۔ اس طرح نابینا جوآن نے پرندوں کو آوازوں کی بنیاد پر شناخت اور یاد کرنا شروع کردیا۔ اس کے بعد پرندوں کے ماہرین کے ساتھ بھی اس نے فیلڈ میں کام شروع کردیا۔ اب وہ حساس ریکارڈر لے کر دنیا بھر کئی مقامات سے پرندوں کی آواز ریکارڈ کرکے انہیں یاد کرلیتا ہے۔
حال ہی پابلو نے دنیا کے سرد ترین براعظم انٹارکٹیکا میں 2 ماہ قیام کیا وہاں اس نے سمندری سیلز اور سی لائنز کی آوازیں ریکارڈ کرکے انہیں سنا اور یاد کیا جب ک پابلو روشنی کا احساس کرتے ہوئے دن اور رات کے فرق کو بھی پہچان سکتا ہے۔
پابلو نے برازیل کے جنگلات میں جانوروں کی آواز ریکارڈ کرکے بایو اکاسٹکس اور فطری آوازوں کو جاننے کا علم بھی حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل جیوگرافک سے 45 ہزار ڈالر کا انعام بھی حاصل کرچکا ہے جب کہ ایک ٹیسٹ میں اسے 250 پرندوں کی آوازوں میں سے 15 کی شناخت کرکے ان کے نام بتانے تھے جس میں وہ کامیاب رہا۔