بلاگ

فلسطین عالم اسلام کا قلب اور کشمیر عالم اسلام کی شہہ رگ حیات ہے ۔

کراچی( )فلسطین عالم اسلام کا قلب اور کشمیر عالم اسلام کی شہہ رگ حیات ہیے، مقبوضہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور بھارت کا تسلط عالمی اداروں کی بے حسی اور ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مظفر احمد ہاشمی، سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان سینیٹر علامہ عباس کمیلی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی لیگل ایڈ کمیٹی کے صدر محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما ازہر علی ہمدانی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، مسلم لیگ نواز خواتین سندھ کی صدر زاہدہ بھنڈاورفلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری صابر ابو مریم نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل اور جنونی بھارتی حکومت نہ صرف فلسطین وکشمیر بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اگر عالمی اداروں اور قیام امن کے لئے تشکیل پانے والی اقوام متحدہ نے دنیا کے ان دونوں سنجیدہ مسائل کے حل کے لئے مثبت اور سنجیدہ اقدامات کئے ہوتے تو شاید دنیا امن کا گہوارہ بن چکی ہوتی۔انہوں نے فلسطین وکشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مظلوم فلسطینی او ر کشمیری عوام کی سیاسی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور مظلوموں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ سرزمین فلسطین ہو کہ سر زمین کشمیر ہو ہر جگہ مظلوم اور نہتے عوام کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہاہے جبکہ اقوام عالم پر بے حسی طاری ہو چکی ہے، ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے گذشتہ دس برس سے محاصرہ کر رکھا ہے جہاں انیس لاکھ سے زائد عوام کی جانیں خطرے میں پڑ چکی ہیں لیکن عالمی برادری اور انسانی حقوق کے علمبردار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اسی طرح آئے روز سر زمین کشمیر پر معصوم انسانی جانوں کو موت کی نیند سلایا جاتا ہے لیکن دنیا کی آنکھیں بند ہیں۔انہوں نے فلسطین وکشمیر میں ہونے والے مظالم کے 67سالہ سلسلہ کو ایک ہی سازش کی کڑی قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین و کشمیر کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close