بلاگ

مسکراہٹ کے عالمی دن پر مسکراہٹ پھیلائیں

ماہرین بہت قبل آگاہ کرچکے ہیں کہ ہنسنے، مسکرانے اور خوش رہنے کا تعلق ہماری اچھی صحت سے بھی ہے اور یہ ہماری جسمانی و ذہنی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔

ان کا ماننا ہے کہ ہنسنا مسکرانا ہماری صحت کے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا ورزش کرنا، یا صحت مند غذا کھانا۔

تو آج کے دن جب آپ سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ کرنے کے لیے مسکرائیں گے، یا اپنے کسی ساتھی سے مسکرا کر ملیں گے تو دیکھیں کہ آپ کو کیا کیا فوائد حاصل ہوں گے۔

مسکراہٹ متعدی مرض کی طرح ایک سے دوسرے شخص کو لگتی ہے۔ اگر آپ اکیلے بھی مسکرائیں گے تب بھی آپ کے قریب موجود شخص آپ کو دیکھ کر یقیناً مسکرائے گا۔

مسکراہٹ آپ کے ذہنی تناؤ اور بے چینی کو کم کرتی ہے۔

مسکراہٹ آپ کے چہرے کی کشش میں اضافہ کرے گی۔ اس کا ثبوت اس فوٹو گرافر نے دیا جب اس نے کچھ افراد کی سنجیدہ اور مسکراتی ہوئی تصاویر کھینچیں۔ دونوں مواقعوں کی تصاویر میں ان کے چہرے میں حیرت انگیز فرق نظر آیا۔

مسکراہٹ آپ کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتی ہے۔

مسکراہٹ آپ کے مغرور یا خشک ہونے کے تاثر کو ختم کرتی ہے اور لوگ آپ سے بات کرنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔

مسکرانے والے افراد کو لوگ زیادہ قابل اعتبار سمجھتے ہیں اور لاشعوری طور پر ان سے قربت محسوس کرتے ہیں۔

ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ جھوٹی مسکراہٹ بھی اپنے چہرے پر سجائیں اور جھوٹی ہنسی ہنسیں تو آپ کا دماغ اس دھوکے میں آجائے گا کہ آپ خوش ہیں۔ اس کے بعد وہ قدرتی طور پر آپ کے ذہنی تناؤ اور فکر کو کم کر کے ایسے ہارمونز پیدا کرے گا جو آپ کو خوش رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

مسکراتے ہوئے آپ کے چہرے کے تمام عضلات حرکت میں آجاتے ہیں۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ بعض افراد کا چہرہ بالکل سپاٹ ہوتا ہے اور اس پر کوئی تاثر نہیں آتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے چہرے کے عضلات حرکت نہ کرنے کے باعث اکڑ جاتے ہیں۔

اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ مسکرانے کی عادت ڈالیں تاکہ آپ کے عضلات حرکت میں رہیں اور آپ کا چہرہ بے جان یا بے تاثر نہ دکھائی دے۔

مسکراہٹ چہرے کے عضلات کو آرام بھی پہنچاتی ہے۔ اس کے برعکس تیوری چڑھانا یا غصہ کے تاثرات میں چہرہ بے آرام رہتا ہے اور تکلیف محسوس کرتا ہے۔

اور ہاں! اگر آپ بھول گئے ہوں تو آپ کو یاد دلاتے چلیں کہ مسکراہٹ ہی وہ چیز تھی جس نے عام سے نین نقش والی عورت مونا لیزا اور اس کے تخلیق کار لیونارڈو ڈاونچی کو رہتی دنیا تک جاوداں کردیا۔

تو پھر آپ بھی آج کے دن کو مسکراہٹ کے نام کیجیئے، خوش رہیں اور خوشیاں پھیلائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close