لوگوں کے خود ساختہ اصول کس کے لیے
وہاں خواتین کے لیے خود ساختہ قسم کے اصول تشکیل دیے گئے ہیں جو ان کو باہر نکلتے ہوئے اپنانے ضروری ہیں۔
اسی کشمکش کا اظہار لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک آرٹسٹ شہزل ملک اپنی پینٹنگز میں کرتی ہیں۔
وہ بتاتی ہیں، ’بعض لوگوں نے خواتین کے لباس اور حلیے کے لیے اپنے ہی اصول طے کر رکھے ہیں اور وہ چاہتے ہیں ہر عورت ان کے بنائے گئے اصولوں کی پاسداری کرے‘۔
وہ کہتی ہیں، ’ایسے لوگوں کو خواتین کے حلیے سے بہت پریشانی ہوتی ہے۔ وہ اس حلیے اور کپڑوں پر، جو ان کے ’معیار‘ پر پورا نہ اتریں، آوازیں کستے ہیں۔ ایسے لوگوں کو خواتین کے ہنسنے، باتیں کرنے پر بھی اعتراض ہوتا ہے اور وہ انہیں گھور کر دیکھتے ہیں‘۔
شہزل کے مطابق اکثر خواتین کا واسطہ اس قسم کے لوگوں سے پڑتا ہے جن میں وہ خود بھی شامل ہیں۔
اس صورتحال نے شہزل کو مہمیز کیا کہ وہ اس سب کو آرٹ کی صورت پیش کریں۔
انہوں نے پہلے تو ایسی پینٹنگز بنائیں جن میں انہوں نے طنزیہ طور پر خواتین کی اس شخصیت کو پیش کیا جو خود ساختہ طور پر معاشرے میں آئیڈیل سمجھی جاتی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے باغیانہ خیالات سے معاشرے کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ عورت کو گھر میں رکھی ہوئی کوئی شے سمجھنے کے بجائے انسان سمجھا جائے۔
وادی ہنزہ میں اپنے سفر کے دوران وہ کہتی ہیں کہ ہنزہ کی خواتین کو جو تحفظ اور خود مختاری حاصل ہے وہ پورے پاکستان میں کہیں بھی نہیں۔
شہزل ملک اپنے آرٹ کے ذریعے تاریخ کے در بھی وا کرتی نظر آتی ہیں۔
اس تصویر میں وہ بتاتی ہیں کہ لاہور آج سے کئی عشروں قبل کے مغل بادشاہوں اور شہزادوں کی تاریخ اور ان کے اقتدار کا گواہ ہے۔ اگر اس تاریخ اور موجودہ دور کے منظر کو یکجا کردیا جائے تو کچھ ایسا منظر نظر آئے گا۔