دنگل گرل‘ زائرہ وسیم کا وزیرِ کھیل وجے گوئل کو جواب
بالی وڈ کی فلم ‘دنگل’ سے مشہور ہونے والی وادی کشمیر کی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم نے انڈيا کے وزير كھیل وجے گوئل کے برقعے سے متعلق ایک تبصرے کا سخت جواب دیا ہے۔
وزير کھیل وجے گوئل نے برقع پہننے والی ایک لڑکی کو پنجرے میں قید میں دکھنے والی ایک پینٹنگ کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے زائرہ وسیم کو ٹیگ کیا تھا۔
اپنی ٹویٹ میں وجے گوئل نے لکھا تھا: ‘یہ پینٹنگ زائرہ وسیم کی کہانی بیان کرتی ہے۔ پنجرہ توڑ کر ہماری بیٹیاں اب آگے بڑھنے لگی ہیں۔ ہماری بیٹیوں کو اور طاقت ملے۔’
اس کے جواب میں زائرہ نے ٹویٹ کیا: ‘وجے گوئل سر، آپ کا مکمل احترام کرتے ہوئے، میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ میں آپ سے قطعی متفق نہیں ہوں۔ میں آپ سے گذارش کرتی ہوں کہ آپ ایسی کسی نازیبا مثال کے ساتھ ہرگز میرا موازنہ نہ کریں۔
زائرہ وسیم نے مزید لکھا: ‘حجاب پہننے والی خواتین بھی خوبصورت اور آزاد ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی اس تصویر میں جو کہانی پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے اس کا مجھ سے تو دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔’
وادی کشمیر میں سری نگر کے هول علاقے سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ زائرہ وسیم نے عامر خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دنگل’ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انھوں نے فلم کی اہم کردار پہلوان گیتا پھوگاٹ کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔
زائرہ وسیم نے حال ہی میں جموں کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی تھی جس کی وجہ سے بعض حلقوں نے ان پر یہ کہہ کر تنقید کی تھی کہ چونکہ محبوبہ مفتی بطور وزیر اعلیٰ ناکام ثابت ہوئی ہیں اس لیے ان سے ان کی ملاقات درست نہیں۔
اس کے بعد زائرہ کو ٹرول کیا گیا اور کہا گیا تھا کہ انھیں محبوبہ مفتی کے بجائے پیلیٹ گن سے زخمی ہونے والے لوگوں سے ملاقات کرنی چاہیے تھی۔
اس تنازعے سے 16 سالہ زائرہ سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث سے اس قدر پریشان ہوئیں کہ انھوں نے اپنی معذرت پیش کی جس کے بعد ان کے حق میں کئی معروف ہستیاں کھل کر سامنے آئی تھیں۔