شبِ برات 15 شعبان کی رات جسے شبِ برات کہا جاتا ہے
از قلم:احمد عبید اللہ قاسمی
اس رات کے استقبال کیلئے گھروں کو صاف کیا جاتا ہے صفائی ستھرائی اپنے بدن کی ہو ،لباس و پوشاک کی ہو، یا گھر کی یہ سب چیزیں اسلام میں مرغوب و محبوب ہیں بلکہ اسلامی تعلیمات میں تو اسے جزو ِایمان قرار دیا گیا ہے اور مختلف طریقوں سے اس کی ترغیب دلائی گئی ہے۔
حق تعالیٰ نے بعض چیزوں کو بعض چیزوں پر فضیلت سے نوازا ہے جیسا کہ مدینہ منورہ کو تمام شہروں پر فضیلت حاصل ہے
وادئ مکہ کو تمام وادیوں پر، بئرِ زمزم کو تمام کنوؤں پر، مسجدِ حرام کو تمام مساجد پر، سفرِ معراج کو تمام سفروں پر، ایک مؤمن کو تمام انسانوں پر، ایک ولی کو تمام مؤمنوں پر، صحابی کو تمام ولیوں پر، نبی کو تمام صحابہ پر، اور رسول کو تمام نبیوں پر اور رسولوں میں تاجدارِ مدینہ سرور کائنات حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاص فضیلت اور مقام و مرتبہ پر فائز ہے اور بقول شاعر: بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر
حق تعالیٰ جل مجدہ نے اسی طرح بعض دنوں کو بعض پرفضیلت دی ہے، یومِ جمعہ کو ہفتہ کے تمام ایام پر، ماہِ رمضان کو تمام مہینوں پر، قبولیت کی ساعت کو تمام ساعتوں پر، لیلۃ القدر کو تمام راتوں پر اور شب برات کو دیگر راتوں پر۔
احادیثِ مبارکہ سے اس بابرکت رات کی جو فضیلت و خصوصیت ثابت ہے اس سے مسلمانوں کے اندر اس رات اتباع و اطاعت اور کثرتِ عبادت کا ذوق و شوق پیدا کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔
کارساز قدرت نے اس بے کس و لاچار انسان کے لیے جو آرزوؤں کا بندہ اور حسرتوں کے خمیر کا پتلا ہے اس کارگاہِ عالم میں اس کی فیروز مندی و کامرانی کے لیے مختلف انعامات و اکرامات، نوازشات و عطایات کی بارش برساتا رہتا ہے، یہ وہ صنعت گاہِ عالم ہے جہاں نیکی و بدی،بہار و خزاں،امید و یاس،شادی و غم،نغمہ و نوحہ،خندہ و گریہ،فنا و بقا، صحت و بیماری زمین پر بسنے والوں کے ساتھ منسلک رہتی ہے جس کے تحت ابن آدم کبھی خدا کا فرمانبردار اور شکر گذار بن جاتا ہے تو کبھی خطا کار اور قصور وار،ماہ شعبان کی پندرہویں رات جسے شب برات کہا جاتا ہے اپنے جلو میں خلاق عالم کی جانب سے ایسے ہی جہاں شکر گذاروں کے لئے رحمت تو وہیں نافرمانوں اور ناشکروں کے لئے مغفرت کی رات اور خیر کثیر سے مرکب سوغات ہے موجودہ حالات میں یہ طلسم زار ہست و نیست ماتم کدئہ یاس بنی ہوئی ہے، وبائی امراض کے چلتے قوم مسلم کے باضمیر افراد میں احساس ندامت کا چراغ روشن ہورہا ہے، مساجد سے دور گھروں میں محصور ہوکر خدائی عذاب کا آنکھوں دیکھا مشاہدہ ہوا تو توبہ و استغفار انابت اور رجوع میں بھی اضافہ ہورہا ہے لہٰذا یہ رات نہ صرف رحمت خداوندی بلکہ عطیہ الہی ہے
شب برات کی فضیلت؛احادیثِ نبوی کی روشنی میں
اس عظیم الشان شب میں عبادتوں کا اہتمام ثابت ہے؛خود خیر الخلائق صلی اللہ علیہ و سلم ارشاد گرامی ہے
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرہویں شب میں آسمانِ دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور قبیلہٴ بنوکلب کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ لوگوں کی مغفرت فرماتے ہیں۔ (بنوکلب عرب کا ایک قبیلہ تھا، عرب کے تمام قبائل سے زیادہ اس کے پاس بکریاں ہوتی تھیں۔ (مرقاة شرح مشکوٰة ۳/۳۳۹)
فاتح خیبر حضرت علی ابن طالب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سید الإنس و الجان کا فرمان عالیشان ہے:اِذَا کانَتْ لَیْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ فَقُوْمُوا لَیْلَہَا وصُوْمُوْا نَہَارَہَا فَاِنَّ اللّٰہَ یَنْزِلُ فِیْہَا لِغُرُوْبِ الشَّمْسِ اِلٰی سَمَاءِ الدُّنْیَا فیَقُولُ اَلاَ مِنْ مُسْتَغْفِرٍ لِیْ؟ فَاَغْفِرَ لَہ اَلاَ مِنْ مُسْتَرْزِقٍ؟ فَاَرْزُقَہ اَلاَ مُبْتَلاً؟فَاُعَافِیْہِ کَذَا اَلاَ کَذَا؟حتّٰی یَطْلُعَ الْفَجْرُ(ابن ماجہ ص۹۹، شعب الایمان ۳/۳۷۸، حدیث ۳۸۲۲)
ترجمہ:جب شعبان کی پندرہویں شب ہو تو تم اس رات میں قیام کیا کرو اور اس کے دن (پندرہ شعبان) کا روزہ رکھا کرو؛اس لیے کہ اس رات میں اللہ تعالیٰ سورج غروب ہونے سے طلوعِ فجر تک آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور ارشاد فرماتے ہیں کہ کیا ہے کوئی مجھ سے مغفرت طلب کرنے والا جس کی میں مغفرت کروں؟، کیا ہے کوئی مجھ سے رزق کا طالب کہ میں اس کو رزق عطا کروں؟ کیا ہے کوئی کسی مصیبت یا بیماری میں مبتلا کہ میں اس کو عافیت عطا کروں؟ کیا ہے کوئی ایسا؟ کیا ہے کوئی ایسا؟ اللہ تعالیٰ برابر یہ آواز دیتے رہتے ہیں؛ یہاں تک کہ سورج طلوع ہوجاتا ہے۔
حدیث نبوی میں کارساز قدرت کا آسمان دنیا پر جلوہ فگن ہونے اور بنو کلاب کے بکریوں کے بالوں سے زیادہ انسانوں کی مغفرت کی خبر دی جارہی ہے تو دوسری حدیث شریف میں اس نالائق انسان کو مالک کون و مکاں کی طرف سے ندا دی جارہی ہے جو تاجِ خلافتِ الہی سر پر اور خلعتِ کرامت(ولقد کرمنا بنی آدم) اپنے دوشِ ظلمت پر رکھتا ہے،
ائے دنیا کے اسیر!
ائے خواہشات کے بندے!
ائے ساکنِ غفلت آباد ہستی!
ائے راہ روِ سفر مدہوشی و فراموشی!
کیا کوئی مغفرت کا متمنی ہے؟
کیا کوئی رزق سے پریشان نان جویں کا محتاج ہے؟
کیا کوئی کسی بیماری یا مرض سے نبرد آزمائی میں مصروف تو نہیں؟
معبود اپنے عبد پر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ رحمتوں اور برکتوں کا نزول فرمارہا ہے،لا تقنطوا من رحمة الله إن الله يغفر الذنوب جميعا کا حامل پروردگار عصیاں کے سمندر میں غوطہ لگائے عاصی و نافرمان پر مغفرت کی بوچھار فرمارہا ہے، ان الله هو الرزاق کا حقیقی موصوف اپنے غرباء و مساکین کو عطائے رزق کی صدائیں لگا رہا ہے، وہ مالک اور مولی جو صحت وتندرستی سے ہمکنار کرتا ہے جو بیماری اور مرض میں مبتلا کرتا ہے آج کی شب اپنے بیماروں اور مریضوں کو آواز لگا رہا ہے کہ ہے کوئی صحت مندی کا خواہاں؟ ایک مرتبہ نہیں،دو مرتبہ نہیں،بلکہ طلوع فجر تک یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے
کیا اب بھی یہ اعتراض رہ جاتا ہے کہ اس شب کی کوئی فضیلت نہیں؟ کیا اب بھی اس رات کے ساتھ بدعت کا شوشہ لگا رہے گا؟نہیں!بلکہ یہ رات باعثِ اجر و ثواب، باعثِ رحمت و مغفرت، ہی نہیں اہم خصوصیات کو بھی پنہاں رکھتی ہے
اس رات میں شریعت مطہرہ کی جانب سے کسی خاص عبادت کا حکم منقول نہیں ہے البتہ اس متبرک موقع پر انفرادی طور پر ان اعمال صالحہ کا خاص اہتمام کرنا چاہیے
شب برات میں منکرات
یہ دنیا کی حقیقت ہے کہ جہاں خیر ہوتا ہے وہیں شر کی آمیزش ہوجاتی ہے، جہاں اچھائی کی فضا قائم رہتی ہے وہیں برائی کی بدبو بھی معاشرہ کو مکدر کرتی ہے، ایک طرف خالق کائنات کی طرف سے انعامات و اکرامات کی انگنت نوازشیں ہیں تو وہیں بدعات و خرافات کے دلدل میں پھنس کر اپنی ناعاقبت اندیشی کی وجہ سے دارین کا خسارہ مول لیتے ہیں، کیا کیا نہیں ہوتا؟ کون کونسی بدعات پر ہم نے اسلام کا لیبل لگا کر فروغ دے رکھا ہے مسلم معاشرہ میں اس عظیم البرکت شب میں آتش بازی کی جاتی ہے پٹاخے پھوڑے جاتے ہیں،حلوہ پکا کر فاتحہ خوانی کی جاتی ہے، قبرستان میں چراغاں کیا جاتا ہے، عورتیں قبرستان جاتی ہیں،
یہ سب رسومات ہیں اور بالکل غلط خیالات ہیں قرآن وحدیث کے معارض ہیں بلکہ یہ وہ اعمال ہیں جن سے اس رات کی توہین ہے یہ بات ذہن میں ہونی چاہیے کہ اس رات جاگنا مقصود نہیں بلکہ عبادت مقصود ہے لہذا فضولیات اور لہو ولعب میں مشغول ہونے کے بجائے مزاج شریعت کا اعتدال مد نظر رکھتے ہوئے بکثرت عبادات کی انجام دہی ہمارے لیے دارین میں سعادت کا باعث ہوگی
یہ وہ رات جس میں مغفرت اور رحمت کا خزینہ لٹایا جاتا ہے لیکن ان قسمت پر افسوس نہ کیا جائے تو اور کیا کیا جائے کہ اس رحمت و برکت کی شب میں بھی غضب خداوندی کے مستحق ہوکر اپنے دامن میں حرماں نصیبی اور بد بختی کو سمیٹتے ہیں
سوچنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کہیں ہم ان گناہوں میں ملوث رہ کر کیا خدا کے انعام سے محروم تو نہیں ہورہے ہیں؟ اگر ہم میں یہ برائیاں ہیں تو خدارا توبہ کا دروازہ کھلا ہوا ہے، ان گناہوں سے تائب ہوکر بارگاہِ حق میں سجدہ ریز ہونے کی فکر کیجیے
خدا تعالیٰ ہمیں شریعت مطہرہ پر عمل کی توفیق عطا فرمائے اور اس رات کی خیر و برکت سے ہماری اور تمام امت مسلمہ کی بخشش فرمائے اور ان نازک حالات میں وبائی امراض سے پوری ملت کی حفاظت فرمائے
آمین ثم آمین یا رب العالمین
نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔