امریکی کرنسی کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے: وزیرخزانہ
اسلام آباد: ابھی ڈنڈا تو چلایا ہی نہیں، ڈالر کے ریٹ مارکیٹ خود ٹھیک کررہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدی شعبے کے لیے بجلی کا نرخ 20 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ابھی تو ڈنڈا چلایا ہی نہیں اور ڈالر کے ریٹ مارکیٹ میں خود ٹھیک ہوگئے، امریکی کرنسی کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹس کی ضرورت ہے، روپے کو مارکیٹ بیس ہم نے کہا تھا، مگر اسکا مطلب یہ نہیں کہ اپنی کرنسی کو کھلا چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جب لندن سے روانگی اختیار کی تو کرنسی مارکیٹ میں مثبت تبدیلی نظر آئی جبکہ اب تک میری جانب سے کوئی ہدایت بھی جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی ڈنڈا اٹھایا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کم ہونے سے پاکستان کے بیرونی قرض مین 26 سو ارب روپے کمی آئی ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالر کی صحیح قیمت 200 روپے سے کم ہے، کرنسی ریٹ میں ہیر پھیر کرنے والے نجی بینکوں کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اس وقت ایکس چینج ریٹ خود ہی ایڈجسٹ ہورہا ہے، مجھے آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں ہے۔