مسلسل کمی کے بعد آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں استحکام دیکھا جارہا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 283 روپے پر مستحکم ہے،یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کے مطابق گزشتہ روز روپے کے مقابلے میں انٹربینک میں امریکی ڈالرکی قدرمیں 20 پیسے کی کمی دیکھی گئی تھی
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر میں کمی کا رجحان ہے، اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالرکی قیمت 50 پیسے کم ہوکر 284 روپے کی سطح پرآگئی۔ واضح رہے کہ یکم دسمبرسے اب تک انٹربینک میں ڈالر2روپے16 پیسے سستا ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ زرمبادلہ مارکیٹ میں روپیہ آہستہ آہستہ مضبوط ہو رہا ہے، اور روپے کی قدر میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھی انٹر بینک میں ڈالر60 پیسے سستا ہوا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر283 روپے 87 پیسے سے کم ہو کر 283 روپے 26 پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالرمیں مجموعی طور پر استحکام رہا۔