موجودہ مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا رجحان ریکارڈ
موجودہ مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا رجحان ریکارڈ کیا گیا اور جنوری 2024 میں برآمدات پونے تین ارب ڈالر سے بڑھ گئی ہیں۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق موجودہ مالی سال پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا رجحان رہا جبکہ جنوری 2024 میں برآمدات 26.9 فیصد اضافے سے 2.78 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
وزارت تجارت کے مطابق جولائی تا جنوری برآمدات میں 2 ارب ڈالر اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں 6 ارب ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی۔
سال کے پہلے سات ماہ میں تجارتی خسارے میں 7.8 ارب ڈالر کی کمی آئی۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ گزشتہ سال جنوری 2023 میں برآمدات کا حجم 2.19 ارب ڈالر تھا، جنوری 2024 میں درآمدات 4.5 فیصد کمی سے 4.66 ارب ڈالر رہیں، ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 2.68 ارب ڈالر سے کم ہو کر 1.87 ارب ڈالر رہ گیا۔
اعلامیہ کے مطابق موجودہ مالی،سال کے پہلے 7 ماہ میں برآمدات کا حجم 17.76 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہمالی سال کے مقابلے برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
وزارت کے مطابق جولائی تا جنوری درآمدات میں بھی 16 فیصد کمی ہوئی اور حجم 30 ارب ڈالر پر آگیا جبکہ جولائی تا جنوری تجارتی خسارہ 39 فیصد کمی سے 12.24 ارب ڈالر پر آگیا۔