اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم، 75 ہزار کی حد بھی عبور
پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے،100 انڈیکس پہلی مرتبہ 75 کی حد عبور کر گیا۔
بدھ کو آغاز پر ہی کاروبار میں تیزی دیکھی گئی ، کاروبار شروع ہوتے ہی اسٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں 308 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو تھوڑی دیر میں 563 کی سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 75 ہزار 94 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 57 کروڑ شیئرز کے سودے 23.4 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 78 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 37 ارب روپے پر چلی گئی۔
واضح رہے کہ اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ کئی ہفتوں سے تیزی رجحان ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور رواں کاروباری ہفتے کے آغاز میں انڈیکس نے 74000 پوائنٹس کی سطح عبور کی تھی اور اس دوران مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں خریداری کا رجحان غالب رہا ہے۔
پاکستان میں سٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے محاذ پر چند حالیہ مثبت پیش رفت سٹاک ایکسچینج میں تیزی کی وجہ بنی ہیں۔ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف سے ایک نئے پروگرام کے لیے مذاکرات کر رہا ہے جس کے تحت پاکستان آئی ایم ایف سے آٹھ ارب ڈالر کا قرض حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ دوسری جانب ملک میں مہنگائی میں کمی کی وجہ سے شرح سود میں بھی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔