پاکستان ریلوے کا لاہور سے کراچی کیلئے جدید نئی ٹرین چلانے کا فیصلہ
پاکستان ریلوے لاہور اور کراچی کے درمیان تیز رفتار ایکسپریس ٹرین شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ یہ ٹرین اسلام آباد اور کراچی کے درمیان براستہ لاہور چلنے والی گرین لائن ایکسپریس کی طرز پر چلائی جائے گی۔
اے پی پی کے مطابق وزارت ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نئی ٹرین سروس کا بنیادی ہدف مسافروں کو جدید سہولیات اور سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال متعلقہ محکموں کی ٹیمیں اس جدید ٹرین کے آغاز کی تیاریوں پر کام کررہی ہیں، نئی ایکسپریس ٹرین جنوری 2025ء کے آخر تک شروع ہونے کی امید ہے۔
ریلوے اہلکار کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلویز کی توجہ مسافروں کیلئے خدمات کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، مقامی طور پر کوچز تیار کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے، جس سے درآمدات کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کے معیار اور صفائی کو بہترین کرنے کیلئے بھی محکمہ کام کر رہا ہے تاکہ مسافروں کیلئے ایک آرام دہ اور صاف ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔
واضح رہے کہ گرین لائن ایکسپریس کا افتتاح 2015ء میں اسلام آباد کے مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے کیا گیا تھا، اسلام آباد سے کراچی کنٹونمنٹ اسٹیشن تک کا سفر طے کرنے میں یہ ٹرین تقریباً 20 گھنٹے لگاتی ہے، اس ٹرین کے مجموعی طور پر 11 اسٹاپ ہوتے ہیں، جس میں مارگلہ، راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، سکھر/روہڑی، حیدرآباد، ڈرگ روڈ اور کراچی کینٹ شامل ہیں۔
ریلوے اہلکار نے بتایا کہ ٹرین میں مسافروں کیلئے مختلف کلاس کی سہولت دستیاب ہے، جس میں اے سی، اے سی پارلر اور اکانومی کلاس کے ساتھ ساتھ ایک جدید ڈائننگ کار بھی موجود ہے۔