پاکستان کی معیشت کیلئے کیسا ہوگا 2025 کا نیا سال ؟
اقتصادی ماہرین نے 2025 میں عوام کو مزید ریلیف ملنے کیلئے امید ظاہر کردی۔
2024 کے مثبت اشاریوں کے ساتھ 2025 معاشی استحکام و ترقی کے نئے سفر کی امید ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 میں معاشی بے یقینی کو بریک لگی اور مہنگائی اور شرح سود کم ہوئی، ٹھوس اقدامات و اصلاحات کا تسلسل اور سیاسی استحکام مستقبل روشن بنا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2024 میں عام انتخابات ہوئے ، ملک کی سخت مالی مشکلات کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا گیا ، 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف قرض پروگرام کے ساتھ 12 ارب ڈالرسے زائد کے زرمبادلہ ذخائر، 4.9 فیصد مہنگائی، روپے کی قدر مستحکم اور 13 فیصد پالیسی ریٹ سمیت اکثر معاشی اشاریے مثبت تو سنہری مواقع اور مزید محنت کا تقاضا لے کر 2025 بھی آن پہنچا ۔
ماہر اقتصادی امور ڈاکٹر خاقان نجیب کے مطابق جو ایک اکنامک ڈی سٹیبلائزیشن سی تھی اس کا دور گزر گیا ہے اور آنے والے دنوں میں امید ہے کہ ہم اسٹیبلٹی کو بلڈ کر سکیں۔
ماہر اقتصادی امور ڈاکٹر ساجد امین کے مطابق عام آدمی کی جو زندگی ہے شاید تھوڑی سی بہتر ہونا شروع ہو جائے کیونکہ اس وقت مہنگائی کے بڑھنے کی رفتار کم ہوئی ہے، 2025 میں شاید مہنگائی بھی آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے جو آئی ایم ایف کا یہ پروگرام ہے یہ شاید پہلا پروگرام ہے جو ایک اچھی بیس سے سٹارٹ ہو رہا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق سال 2025 میں پائیدار ترقی اور موجودہ 40 فیصد غربت میں کمی لانا ضروری ہے، جس کیلئے توانائی سستی کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ضروری ہے۔