سی پیک کوعلاقائی اور عالمی برادری کی حمایت ملے گی، چین
اسلام آباد: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہمیں امید ہے کہ سی پیک کو علاقائی ممالک اور عالمی برادری کی حمایت ملے گی۔ چین نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پار تعاون خصوصاً اقتصادی اور تجارتی تعاون میں طویل مدتی پیشرفت کیلیے ایک نئی قسم کا فریم ورک ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نہ صرف پاکستان اورچین دونوں کی مشترکہ ترقی کیلیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے بلکہ اس سے علاقائی رابطے اور خوشحالی کیلیے بھی معاون ہوگا۔
علاوہ ازیں چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس کانفرنس میں اس سوال پر کہ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے سی پیک کونشانہ بنانے کیلیے ایک خصوصی سیل قائم کیا ہے اور اس حوالے سے بھارتی قیادت کے مختلف بیانات ریکارڈ پر ہیں جبکہ پاکستان تجارت اورعلاقائی رابطے پر چین کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔