تجارت

سعودی بن لادن کمپنی نے پھر کام شروع کردیا،پاکستانی ملازمین اب کس حال میں ہیں؟ حیران کن خبرآگئی

ریاض: کرین حادثے سے متعلق عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سعودی بن لادن گروپ نے ایک مرتبہ پھر کام شروع کردیا ہے  لیکن اپنے ورکروں کو تنخواہیں دینے میں تامل کا شکار ہوگیا ہے۔ 2017ءکے اواخر میں اطلاعات تھیں کہ بن لادن گروپ نے اپنے غیرملکی ملازمین کو بھی تنخواہوں کی ادائیگی شروع کردی ہے تاہم انتہائی افسوسناک انکشاف ہوا ہے کہ 6ماہ سے زائد عرصہ بیت جانے کے باوجود پاکستانی ملازمین کو تنخواہیں ابھی تک نہ  مل سکیں جس کی وجہ سے بھوک برداشت کرنے پر مجبور ہیں ، سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ملازمین کے پاسپورٹ بھی کمپنی نے اپنے پاس رکھ لیے ہیں۔ جس کی وجہ سے وطن واپس نہیں آسکتے۔

روزنامہ پاکستان کو موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی بن لادن کمپنی نے تاحال پاکستانی ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کیں لیکن ملازمین سے بدستور کام کرا رہے ہیں ، ان  ملازمین کے پاس کھانے پینے کو بھی کچھ نہیں ۔6ماہ سے تنخواہوں سے محروم سعودی میں پھنسے ملازمین نے اپیل کی ہے کہ حکومت پاکستان سعودی ذمہ داران سے بات کرے اور ان کی مشکل  میں آسانی لائے۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بن لادن گروپ نے ملازمین کو تنخواہیں دینے کی بجائے ایک ہزار ریال قرض دینے کی پیشکش کردی اور اس ضمن میں ملازمین کیلئے جاری نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ” آپ کو یہ بتانا تھا کہ جولوگ تاحال کام کررہے ہیں، انہیں تنخواہ ملنے تک ایک ہزار ریال ادھار دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ رقم بینک اکاﺅنٹس میں بھیجی جائے گی لیکن اگر کسی ملازم کا بینک اکاﺅنٹ نہیں تو وہ اکاﺅنٹس ڈیپارٹمنٹ سے رقم وصول کرسکتے ہیں“۔

اسی طرح جدہ میں کام کرنیوالے ایک  ملازم امجدنے بتایاکہ’ ہم کئی دنوں سے بیٹھے ہیں، ہمیں تنخواہ اور ملازمت سے چھٹکارے کیساتھ پاسپورٹ اور ایگزٹ ویزا(خروج) چاہیے تاکہ اپنے وطن لوٹ سکیں ، پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے بھی کوئی قابل ذکر قدم نہیں اٹھایاگیا، ہم پر رحم کریں اور حکومت مدد کرے ‘۔ امجد نے بتایاکہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ، کمپنی حکام وعدہ کرتے ہیں لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا، کچھ لوگوں کا خروج لگا ہے لیکن وہ اڑھائی ماہ سے بیٹھے ہیں کیونکہ تنخواہ باقی ہے ، پاسپورٹ بھی کمپنی کے ہی پاس ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سفارتخانے کے اقدامات یا ان کی معلومات کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے  تاہم گھر جانے کیلئے اس قدر رسوا ہورہے ہیں کہ بتانہیں سکتے ۔

یادرہے کہ اس سے قبل صباح نیوز نے دو جنوری 2018 ء کو خبردی تھی کہ مصر کے وزیر افرادی قوت محمد سعفان نے صحافیوں کو  بتایا  کہ جدہ میں مصری قونصل خانہ نے اطلاع دی ہے کہ لیبر اتاشی ڈاکٹر یاسر غازی نے سعودی وزارت محنت کو 284 ملازمین کی فہرست بھجوا دی ہے،یہ وہ مصری کارکن ہیں جن کے حقوق بن لادن پر واجب ہیں جبکہ ایک ہفتے کے دوران تمام افراد کے حقوق ادا  کر دیئے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close