تجارت

پاورسیکٹرکویومیہ 23 ہزارٹن فرنس آئل دے رہے ہیں، پی ایس او

کراچی:  پاکستان اسٹیٹ آئل ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی کی حیثیت سے ملک میں توانائی کی طلب پوری کرنے کیلیے اپنا کردار ذمے داری کے ساتھ ادا کررہی ہے۔

پی ایس او کے ترجمان کے مطابق کمپنی موسم گرما کے دوران بجلی پیدا کرنے والے اداروں واپڈا، جینکوز، حبکو اور کیپکو کو یومیہ بنیادوں پر 18ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل کریڈٹ پر فراہم کررہی ہے جبکہ بجلی پیدا کرنے والے کیش کسٹمرز بشمول آئی پی پیز (لال پیر، کوہ نور، پاک جین، کے الیکٹرک اور گل احمد وغیرہ) اور جنرل ٹریڈ کسٹمرز کو بھی یومیہ بنیادوں پر 5ہزار میٹرک ٹن فیول فراہم کررہی ہے۔

کیش کسٹمرز کو فیول کی فراہمی ان کے آرڈر کے مطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے، پی ایس او ملکی مفاد کو مدنظررکھتے ہوئے پاور سیکٹر کو بلا تعطل فرنس آئل فراہم کررہی ہے تاکہ اس شدید موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کچھ کمی واقع ہو اور رمضان المبارک میں عوام کو سہولت میسر آئے، اس حقیقت کے باوجود کہ پی ایس اوکے پاور سیکٹر پر 201ارب روپے واجب الادا ہیں پی ایس او بطور ذمے دار قومی ادارہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں پاور سیکٹر کو فرنس آئل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہے، قومی آئل کمپنی کی حیثیت سے پی ایس او اپنی ذمے داریوں کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور توانائی کی طلب بروقت پوری کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے خدمات انجام دے رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close