ایمنسٹی اسکیم اگر کامیاب ہوئی تو حکومتی ریونیو میں اضافہ ہو سکتا ہے، موڈیز
عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے کہنا ہے کہ اگر اسکیم کامیاب ہوئی تو حکومت پاکستان کے ریونیو میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئی ایمنسٹی اسکیم سے مالی مشکلات میں کمی اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں بھی کمی واقع ہوگی۔ موڈیز کے مطابق بیرون ملک اثاثے ظاہر کر کے رقم آنے سے پاکستان کے توازن ادائیگی میں بہتری ہوگی اور ظاہر نہ کئے جانے والے اثاثے ٹیکس نیٹ میں آنے سے پاکستان کا ٹیکس نیٹ بڑھے گا۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم سے پاکستان کے محاصل میں جی ڈی پی کے ایک فیصد تک اضافہ ہوگا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 اپریل کو ٹیکس کی شرح کم کرنے اور بیرون ممالک اثاثے رکھنے والے افراد کے لئے نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ نئی ایمنسٹی اسکیم کے تحت 2 فیصد ٹیکس کی ادائیگی کر کے بیرون ملک سے جتنے چاہیں پیسے پاکستان لائے جا سکیں گے جبکہ ایک لاکھ روپے ماہانہ آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔ نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے مطابق 12 سے 24 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں پر 5 فیصد، 24 سے 48 لاکھ سالانہ آمدن والوں کو 10 فیصد اور 48 لاکھ سے زائد سالانہ آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔