تجارت

نیپرا کی کے الیکٹرک کو نرخ کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کے صارفین کے لیے نرخ میں 1.172 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کرلیا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیپرا کی جانب سے متفقہ فیصلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کے الیکٹرک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے 15-2014 کے منافع کو ایڈجسٹ کرتے ہوئے صارف کی درجہ بندی کے اعتبار سے کمی کرے۔

نیپرا کی جانب سے 2009 میں کے الیکٹرک کے کثیرالسالہ نرخ کی منظوری دی گئی تھی جس میں کارکردگی کی بنیاد پر نرخ کا وعدہ کیا گیا تھا جبکہ ایک کلابیک طریقہ کار بھی وضع کیا تھا جس کے مطابق اگر ریگولیٹری ایسیٹ بیس (ریب) پر حقیقی ریٹرن 12 فیصد سے زیادہ ہوجائے تو سرپلس تمام صارفین کے درمیان نرخ کی کمی کی صورت میں تقسیم کیا جائے گا۔

اس طریقہ کار کے مطابق ایک 12 فیصد ریٹرن سے زائد پر 25 فیصد منافع، 15 فیصد سے زائد پر 50 فیصد اور 18 فیصد سے زائد پر 75 فیصد منافع تقسیم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیپرا نے اس سے قبل بھی کے الیکٹرک کو منافع کا تناسب صارفین میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے کلابیک کے طریقہ کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس پر عدالت نے اس طریقہ کار کو معطل کردیا تھا۔

نیپرا نے اپنے حالیہ فیصلے میں کہا کہ کے الیکٹرک متعین کردہ نرخ صارفین کو واپس کرنے کاپابند ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں پاور ڈسٹریبیوشن کمپنیوں کی جانب سے جنوری میں صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 34 ارب روپے اضافی وصول کیے جانے کے انکشاف کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 3 روپے 242 پیسے کمی کی منظوری دے دی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close