اسلام آباد: پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کی کرنسی میں تجارت کے معاہدے پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کا بینکوں، فنانشل اداروں میں لین دین کا آسان اور مربوط نظام بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے جس کے لیے دونوں ممالک میں بینکوں کی مزید برانچیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور چین نے تجارتی سرگرمیوں کے لیے باہمی کرنسی کا حجم دوگنا کر دیا، چینی کرنسی میں تجارتی حجم 10 ارب سے بڑھا کر 20 ارب یوآن کر دیا گیا ہے جب کہ پاکستانی کرنسی میں تجارتی حجم 165 ارب سے بڑھا کر 351 ارب روپےکر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کے صنعتی سیکٹر کی بحالی کے لیے بھی چین مدد فراہم کرے گا اور اس مقصد کے لیے چین پاکستان میں اسمال انڈسٹری یونٹس لگانے میں مہارت بھی فراہم کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے ڈیمانسٹریشن پروجیکٹس فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔