تجارت

موبائل ٹیکس ختم ہونے سے ٹیکس نیٹ پر فرق پڑا، گورنر اسٹیٹ بینک

لاہور: قومی مرکزی بینک (اسٹیٹ بینک) کے گورنر طارق باجوہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نےموبائل ٹیکس ختم کیا جس سےٹیکس نیٹ پرفرق پڑا، 100 روزہ پلان کے تحت ادائیگیوں کو آن لائن کی طرف لارہے ہیں۔

لاہور میں پی آر اےہیڈکوارٹرز میں ادائیگیوں کےآن لائن نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ نے خود کہا ڈالر کے حوالے سے اُن سے بات ہوئی تھی، امریکی کرنسی کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 100روزہ پلان میں ڈیجیٹل سسٹم شامل ہے، ادائیگیوں کو ڈیجیٹل آن لائن کی طرف لا رہے ہیں، سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی کا نظام کاروباری افرادکےلیےسودمند ہے، ٹیکس کاڈیجیٹل نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ’ وزیرخزانہ نے ڈالر کے بڑھنے پر خود وضاحت پیش کی، انہوں نے خود کہا اس حوالے سے بات ہوگئی تھی، ڈالر کی قیمت مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے، امریکی کرنسی کے ریٹ بڑھنے کا معاملہ اسد عمر کے علم میں تھا۔

اس موقع پر وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں نے بھی تقریب سے خطاب کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے، ہم کاروباری حضرات کو سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر اسٹیٹ بینک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے معاشیات کو روپے کی گرتی ہوئی قدر کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جاری کھاتوں کا خسارہ 19 ارب ڈالر تھا، ہم طلب و رسد کے حساب سے روپے کی قدر کو ایڈجسٹ کرتے ہیں، وقتاً فوقتاً روپے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ لایا جاتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ برآمدات 24 ارب ڈالر اور درآمدات 60 ارب ڈالر ہیں، امپورٹ پر چلتے رہے تو ڈالر مزید مہنگا ہوگا، جاری کھاتوں کا خسارہ یہی رہا تو پھر روپے کی قدر میں استحکام ممکن نہیں ہوگا البتہ سعودی عرب سے ملنے والے پیکج کے بعد مارکیٹ میں بہتری آئی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ کرنسی کی قدر پر اِن کیمرہ بریفنگ لی جائے تاہم ا اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی عوام کا مسئلہ ہے کیونکہ اس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیرِ اعظم عمران خان کی یقین دہانی نے ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کو بریک لگا دیے تھے، انٹر بینک میں روپے کی قدر 3 روپے 5 پیسے بڑھ گئی تھی اور ڈالر 139.05 سے کم ہو کر 137 روپے کا ہو گیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close