2018 میں گاڑیوں کی فروخت میں 0.58 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے
رواں سال میں ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 0.58 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔
آل پاکستان آٹو موٹو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر دسمبر 2018 ء تک ملک میں ایک لاکھ 4 ہزار 38 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملک میں 1 لاکھ 3 ہزار432 یونٹ کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمارکے مطابق اس عرصہ میں ہونڈا کمپنی کی 21 ہزار784 کاریں فروخت ہوئیں، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ہونڈا کی 19 ہزار621 یونٹ کاریں فروخت ہوئی تھیں، ہونڈا کاروں کی فروخت میں اضافہ کی شرح میں 11.02 فیصد اضافہ ہوا۔
سوزوکی سویفٹ کی 2 ہزار509 یونٹ کاریں فروخت ہوئیں، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اس ماڈل کی 2 ہزار141 یونٹ کاریں فروخت ہوئی تھیں۔ یوں سوئفٹ کی فروخت میں 17.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹویوٹا کرولا کی گاڑیوں میں اضافہ کی شرح 10.4 فیصد، جب کہ سوزوکی کلٹس اورویگن آر کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم اس مدت میں سوزوکی مہران کی فروخت میں 24.27 کی کمی ریکارڈ کی گئی۔