تجارت

معاشی اصلاحی پیکیج سے اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، ماہرین

کراچی: اقتصادی ماہرین نے حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحی پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیکیج سے تجارت پرمثبت اثرات ہوں گے ، جے ایس ریسرچ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ان ماہرین نے کہا کہ حکومتی اقدام سے تجارت اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جس سے سرمایہ کاروں کااعتماد بحال ہوگا، زراعت، نئی صنعتوں اور کم لاگت کے مکانات کی تعمیر کیلئے حکومتی اقدامات کاروبار دوست ہیں۔

جے ایس ریسرچ کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق کھاد کارخانوں کوگیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی)میں ریلیف دینے سے یوریا کھاد کی فی بوری قیمت200روپے کم ہوجائے گی۔ اسٹاک بروکرز پر0.02فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ختم کردیا گیا ہے جبکہ کمپنیوں کے نقصانات کو 3 سال کیلئے کیری فارورڈ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ فائلرز کیلئے 50ہزار روپے سے زائد کی رقومات بینک کھاتوں سے نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے سے بینکوں کو فائدہ پہنچے گا، نان فائلرز کو800سے 1300سی سی تک کی کاریں خریدنے کی اجازت دینے سے کاراسمبلرز کے کاروبار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

رپورٹ میں معاشی اصلاحاتی پیکیج میں بزنس فرینڈلی اقدامات کاذکر کیا گیاہے جن میں کارپوریشنز کے غیر تقسیم شدہ منافع پر یکم جولائی2019 سے 20فیصد ٹیکس کاخاتمہ،چھوٹے کاروبار، زرعی شعبے ،سستے مکانات سے حاصل آمدنی پرٹیکس 39فیصد سے کم کرکے 20فیصد کرنے کی تجویز، کم لاگت کے مکانات کی تعمیر کیلئے 5ارب روپے کے ریوالونگ فنڈ کاقیام، 1800 سی سی سے زائد طاقت کی کاروں کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹیز کی شرح میں اضافہ، گرین فیلڈ پروجیکٹس(نئی صنعتوں) کے قیام پر کسٹم ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کاخاتمہ ،برآمد کنندگان کے زیرالتوا ریفنڈ کی رقومات کے لئے پرامیسری نوٹ کااجرا اور صنعتوں کے زیراستعمال مختلف اقسام کے خام مال پر عائد ڈیوٹیز میں کمی شامل ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close