وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر کردیا
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر کردیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے تک اضافے کی سفارش کی گئی تھی جس پر کابینہ میں غور ہوا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے معاملے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوادیا اور اس پر فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہےکہ تیل کی قیمت میں اضافے سے متعلق دوبارہ معاملہ دیکھا جائے اور اس طرح کا میکنزم بنایا جائے کہ عوام یہ بوجھ آسانی سے اٹھاسکیں۔
واضح رہےکہ اوگرا نے یکم مئی سے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی جب کہ مٹی کا تیل فی لیٹر 7 روپے 46 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 40 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔