اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے حکم دیا ہے کہ ٹیکس وصولی کے لیے اطلاع کے بغیر کسی بھی شخص کے بینک اکاؤنٹس منجمد نہ کیے جائیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے تمام چیف کمشنرز، لارج ٹیکس پیئرز یونٹ اور آر ٹی یو کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس وصولی کے لیے پیشگی اطلاع کے بغیر کسی شہری کے بینک اکاؤنٹ منجمد نہ کیے جائیں۔
اعلامیے کے مطابق کسی بھی شہری کا بینک اکائونٹ منجمد کرنے سے 24 گھنٹے پہلے متعلقہ فرد، ادارے یا کمپنی کو آٓگاہ کرنا ہوگا اور اکائونٹس منجمد کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر کی منظوری لازمی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی کو دو سال کیلئے اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کردیا گیا
دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے با ت کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آرافسران کو ٹیکس گزاروں کو ہراساں کرنے سے روک دیا ہے، جب کہ کسی بھی شخص کے نام بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے قبل چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ بجٹ کےلیے ابھی کوئی تاریخ فائنل نہیں ہوئی، ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو سسٹم میں لانا ہے، ہم وہی کریں گے جو پاکستان کے لیے بہتر ہوگا، ہر بندہ آئی ایم ایف کی بات کررہا ہے، پاکستان کی بات کریں۔