سینیٹ میں 5 ہزار روپے کا نوٹ بند کرنے کی قرارداد منظور
اسلام آباد: سینیٹ نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ بند کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
چیئرمین رضا ربانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں عثمان سیف اللہ نے 5 ہزار کا کرنسی نوٹ واپس لینے کی قرارداد پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ ملک میں زیادہ تر غیر قانونی لین دین کے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ استعمال ہوتے ہیں، اس لئے سب سے بڑے کرنسی نوٹ کو بند کردیا جائے۔
حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر زاہد حامد نے قرارداد کی مخالفت کی اور کہا کہ اس سے ملکی معیشت اور عوام پر برا اثر پڑے گا۔ جس کی مثال حالیہ دنوں میں بھارت میں سامنے آئی ہے۔ جس پر عثمان سیف اللہ نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ بھارت کی طرح ایک دم ہی نوٹ بند کردیئے جائیں بلکہ اس کی چھپائی بند کی جائے اور پرانے نوٹ 3 سے 5 سال کے دوران واپس لئے جائیں۔ ایوان میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔