تجارت
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مسلسل چوتھی بار اضافہ کردیا
اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول کی قیمت مسلسل چوتھی بار بڑھاتے ہوئے ایک روپے 71 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا۔
اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھیجی گئی سمری پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 71 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 52 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول 73 روپےاور ڈیزل 82 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا اور اس کی قیمت 44 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین پیسے کی بجائے صرف روپے میں ہوگا جب کہ نئی قیمتوں کا اطلاق ایک ماہ کے لیے آج رات 12 بجے سے ہوگا۔