تجارت

ریٹیلرز کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری بنوانے اور جیو میپنگ کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں پرچون کی دکانوں وکاروباری یونٹس کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری تیارکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ملک میں بھر میں قائم تمام پرچون کی دکانوں (ریٹیلرز)کی جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) میپنگ کی جائے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے گزشتہ روز ’ایکسپریس‘ کو بتایا کہ ملک بھر کے پرچون فروش تاجروں کی جیوگرافک میپنگ اور ڈیجیٹل ڈائریکٹری کی تیاری کے لیے اچھی ساکھ کی حامل پروفیشنل کمپنیوں سے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کرلی ہیں جبکہ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ایف بی آر کو تاجروں کے آوٹ لیٹس کی جیوگرافک اورڈیجیٹل ڈائریکٹری تیار کرکے دینے والی کمپنیوں کی اظہار دلچسپی کی درخواستوں کی روشنی میں ٹینڈر جاری ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ٹینڈر میں ڈیجیٹل ڈائریکٹری اور جیو میپنگ کے لیے ایک میعاد مقرر کی جائے گی اور اس مقررہ میعاد میں یہ دونوں کام مکمل کرکے دینا ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ پرچون فروش تاجروں کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری اور ان کے آؤٹ لیٹس کی جیومیپنگ کا سافٹ ویئر ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں نصب ہوگا تاہم اسے تمام ماتحت اداروں کے ساتھ منسلک کرکے انہیں اس سافٹ ویئر تک رسائی دی جائے گی جبکہ مذکورہ افسر نے بتایا کہ تاجروں اور ان کے آؤٹ لیٹس کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری و جیومیپنگ کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کروانے سے متعلق ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) بھی جاری کردیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ جو کمپنی بھی ایف بی آرکے لیے تاجروں کی ڈیجیٹل ڈائریکٹری اور جیومیپنگ کرے گی اسے تاجروں اور ان کے آؤٹ لیٹس کے موجودہ بزنس ڈیٹا کو بھی ٹیگ کرنا ہوگا اور ٹارگٹ روٹ و ایریاز کی مارکنگ کے ساتھ میپنگ کرنا ہوگی۔

علاوہ ازیں تاجروں کی کٹیگریز سے متعلق اضافی معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی اسی طرح انٹری کی کٹیگری سے متعلق بھی تاجروں کی کلاسیفکیشن کرنا ہوگی اور گوگل میپ پر ہر پرچون کی دکان کی درست مارکنگ کرنا ہوگی تاکہ گوگل پر جانے سے ہر دکان کی اصل تصویر ڈیٹا اڈریس اور دیگر مطلوبہ معلومات میسر آسکیں جبکہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی تصویری نمائش(وژیول ڈسپلے)، پینیٹریشن اینالسز، فیصلوں سے متعلق پیشگوئی سے متعلقہ میپنگ، بزنس ایریا میپنگ کے لیے تھینیٹک میپنگ اورڈرائیونگ ڈائریکشن کے ساتھ ویب اینڈ موبائل لوکیٹر میپ بھی تیار کرنا ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close