دنیا کے 149 ممالک کے شہری پاکستانیوں سے زیادہ مقروض
واشنگٹن: عالمی مالیات، تجارت اور کاروبار پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی ویب سائٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ہر پاکستانی 800 ڈالر یعنی 80 ہزار روپے کا مقروض ہے جب کہ مقروض ممالک کی فہرست میں اس کا نمبر 150 ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس فہرست میں جاپانی، آئرش اور امریکی باشندے ہر پاکستانی سے کہیں زیادہ مقروض ہے کیونکہ جاپان پر فی شہری 85 ہزار 700 ڈالر، آئرلینڈ پرفی شہری 67 ہزار 170 ڈالر جب کہ امریکا پرفی شہری 42 ہزار500ڈالرکا قرضہ ہے جس کے سامنے پاکستانیوں پر فی کس قرضہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اس فہرست میں فی کس قرضوں کے اعتبار سے پاکستان 150 ویں نمبر پر ہے جبکہ بھارت 900 ڈالر فی شہری قرضے کے ساتھ پاکستان سے ایک درجے اوپر ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2016 کے اختتام پر سنگاپور کا ہر شہری 56 ہزار 113 ڈالر، بیلجیم کا ہر شہری 44 ہزار 202 ڈالر، ہر چینی شہری پر 1300 ڈالرجب کہ ہر ایرانی شہری پر صرف 600 ڈالر کا قرضہ ہے۔ دوسرے ملکوں کو سب سے زیادہ قرض دینے والے 10 بڑے ممالک میں کینیڈا کا ہر شہری اوسطاً 42 ہزار 142 ڈالر، اٹلی کا ہرشہری 40 ہزار 461 ڈالر جب کہ برطانیہ کا ہر شہری 36 ہزار 206 ڈالر کا مقروض ہے۔ کم ترین قرض کی فہرست میں لائبیریا سب سے آگے جس کے ہر شہری پر صرف 27 ڈالر کا اوسط قرضہ ہے جب کہ تاجکستان فی شہری 50 ڈالر قرض کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہے۔