تجارت
سٹیٹ بینک نے بینکوں پر ایران سے تجارتی لین دین کی پابندی ختم کر دی
کراچی:سٹیٹ بینک نے چار سال بعد بینکوں پر ایران سے تجارتی لین دین کی پابندی ختم کر دی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینئر بینکرز کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے پابندی ہٹانے کی اطلاع موصول ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بینک اب ایران سے تجارت کے لیے ایل سی کھول سکیں گے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے پابندی عائد کیے جانے کے بعد ایران سے ہونے والی تجارت کا حجم سوا ارب ڈالر سے کم ہوکر چند کروڑ ڈالر رہ گیا تھا اور ایران سے جتنی بھی تجارت ہورہی تھی وہ دبئی کے راستے ہورہی تھی۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کی طرف سے پابندی ہٹنے کے بعد پاک ایران تجارت کے راہ میں حائل اہم رکاوٹ دور ہو گئی ہے جس سے سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی اور تجارت بھی بڑھے گی ، ایران سے تجارتی حجم چند سال میں کئی ارب ڈالر ہو سکتا ہے۔