تیرہ ڈالر کی انگھوٹی 8 کروڑ 90 لاکھ روپے میں فروخت
لندن: 1980ء کے عشرے میں ایک معمولی آرٹیفشل جیولری کے طور صرف 13 ڈالر میں خریدی گئی ایک انگوٹھی صرف کے بارے میں اب معلوم ہوا ہے کہ اس میں دراصل اصلی اور نایاب ہیرا جڑا ہے جو حال ہی میں 847,667 ڈالر (8 کروڑ 91 لاکھ روپے پاکستانی) میں فروخت ہوا ہے۔ 35 سال قبل ایک ٹھیلے سے صرف 13 ڈالر میں خریدی گئی انگوٹھی کو لندن میں ہونے والی نیلامی میں سوتھ بائی فائن جویلز نے فروخت کیا۔
چند ماہ قبل اس انگوٹھی کے مالک کو خیال آیا کہ کیوں نہ اس انگوٹھی کو کسی جوہری کو دکھایا جائے، جب یہ جوہری کے پاس پہنچی تو وہ حیران رہ گیا کہ کہ اس میں 26 اعشاریہ 29 قیراط کا تکیے کی شکل کا ہیرا جڑا تھا۔ معیار اور رنگت کے لحاظ سے یہ ایک نایاب ہیرا ہے جس کی شفافیت کا درجہ وی وی ایس ٹو ہے اور اسی بنا پر اس کی غیر معمولی قیمت لگائی گئی ہے۔
سوتھ بائی کے مطابق اس انگوٹھی کی قیمت 5 سے 7 لاکھ ڈالر لگنی چاہیئے تھی لیکن نیلامی میں قیمت بڑھتی گئی اور قریباً ساڑھے 8 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔ ماہرین کے مطابق یہ ہیرا 19 ویں صدی کی ابتدا میں نکالا گیا تھا کیونکہ اس زمانے میں ہیرے کی کٹنگ اسی طرح ہوا کرتی تھی تاہم اس کے نئے خریدار کا کہنا ہے کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق اس کی مزید تراش خراش کرے گا۔