ماہرین پریشان، وائی فائی ڈیوائسز ہیکنگ کا خطرہ شدید تر ہوگیا
نیویارک: سائبر سیکیورٹی کے نگراں اداروں اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والی وائی فائی ڈیوائسز کو ہیک کیے جانے کا خطرہ موجود ہے۔ امریکی محکمہ برائے داخلی سیکیورٹی کی کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے یہ انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں وائی فائی کے ذریعے ہونے والے رابطوں کو محفوظ بنانے والے سسٹم میں ایک ایسا نقص موجود ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکرز صارفین کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ WPA2 پروٹوکول پر چلنے والی وائی فائی ڈیوائسز کو سب سے زیادہ خطرات لاحق ہیں اور اس سسٹم میں موجود کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکرز صارفین کی پرائیوٹ کمیونیکیشنز کو ہائی جیک کرسکتے ہیں۔ امریکی محکمے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جس بھی کمپنی کا وائی فائی راؤٹر استعمال کررہے ہیں اسے اپ ڈیٹ کرواکر محفوظ بنالیں۔ مائیکروسافٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس نے حال ہی میں ونڈوز صارفین کے لیے سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی تھی اور جن لوگوں نے یہ اپ ڈیٹس کرلی ہیں یا جنہوں نے اپنے کمپیوٹر میں آٹو اپ ڈیٹس کا آپشن بحال رکھا ہے وہ اس خطرے سے محفوظ ہیں۔ انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی دیگر کمپنیوں نے بھی صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ جب بھی ممکن ہو انٹرنیٹ ڈیوائس کو تار کے ذریعے کمپیوٹر سے منسلک کریں اور وائی فائی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔