سندھ کے میڈیکل داخلوں کا انٹری ٹیسٹ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت کرانیکا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کی سرکاری جامعات اور کالجز میں میڈیکل کالجوں میں ٹیسٹ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے انٹری ٹیسٹ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت لینے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ انٹری ٹیسٹ کیلئے طلبہ کو اضافی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گئی، جبکہ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ کا پرچہ تیار کرے گی۔ ایک اندازے کے مطابق میڈیکل کے داخلوں کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر سے 21 ہزار طلبہ و طالبات ٹیسٹ دیں گے۔
اس سے قبل 22 اکتوبر کو نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے تحت ہونے والے ٹیسٹ کو پرچہ آؤٹ ہونے اور غلطیوں پر انکوائری کمیٹی کی روشنی میں نتائج کو منسوخ کر دیا گیا اور دوبارہ انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کے خلاف بعض طلبہ نے احتجاج بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ نتائج کو تسلیم کرکے داخلوں کے عمل کو طویل ہونے سے روکا جائے، تاہم حکومت نے احتجاج کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی پالیسی کے تحت 15 روز میں دوبارہ ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔