2017 کی مقبول ترین ایجادات
دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ مشکل سے مشکل اور انسانی شعور سے بالا کام بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے کیے جارہے ہیں۔ دنیا بھر میں 2017 کے دوران مختلف شعبہ جات میں کئی اہم اور ضروری ایجادات ہوئیں، جنہوں نے انسانی زندگی کو مزید آسان بنا دیا، لیکن یہاں ہم چند ایسی ایجادات کا ذکر کریں گے جو 2017 کے دوران موضوع بحث رہیں۔
اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ
نیشنل ایروناٹک اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) نے 2017 کے دوران فالکن 9 راکٹ کی صورت میں اہم کامیابی حاصل کی، جو اپنے مشن کے بعد کامیابی سے دوبارہ نہ صرف زمین پر لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اسے دوبارہ مشن کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
خلائی سفر کے لیے اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کو بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے جس سے خلائی سفر پر آنے والی لاگت کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کو 2015 اور 2016 میں بھی خلا میں بھیجا گیا لیکن 2017 کے دوران پہلے استعمال شدہ راکٹ کو دوبارہ خلا میں بھیج کر ناسا نے اہم بڑی کامیابی حاصل کی۔
سام سنگ گلیکسی ایس 8
موبائل ٹیکنالوجی میں 2017 کے دوران سب سے بڑی جنگ سام سنگ گلیکسی ایس 8 اور آئی فون 8 کے درمیان رہی، دونوں کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے بھرپور زور لگایا اور صارفین کو بھی نئے موبائل فونز کا بے تابی سے انتظار رہا۔
سام سنگ نے 29 مارچ کو نیو یارک میں اپنے نئے موبائل فون کی رونمائی کی، جسے بے حد پسند کیا گیا اور دنیا بھر میں اسے خریدا گیا۔
ای سائٹ تھری
نابینا اور کلر بلائنڈ افراد کے لئے ای سائٹ تھری ڈیوائس کسی نعمت سے کم نہیں، ای سائٹ تھری آلہ کلر بلائنڈ افراد کو رنگوں کی شناخت میں مدد دیتا ہے اور نابینا افراد بھی اس آلے کی مدد سے چیزوں کا درست انداز میں تعین کرسکتے ہیں۔
ای سائٹ تھری آلے میں آرگینک ایل ای ڈی نصب ہے جو رنگوں کی شناخت سے عاری افراد کو دیکھنے اور رنگوں کی شناخت میں مدد دیتا ہے۔
اس آلے کو پہلی مرتبہ 20 جون کو پیرس اور لندن میں متعارف کرایا گیا جسے خوب پذیرائی ملی، یہ آلہ نابینا اور جزوی نابینا افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
ہیئر ون
ہر گزرتے دن کے ساتھ کمیونیکشن سیکٹر میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، 2017 کے دوران ہیئر ون کی صورت میں ایسی ایئرپوڈ متعارف کرائی گئی جس نے کافی مقبولیت حاصل کی۔
ہیئر ون ایسی ایئر پوڈ ہے جو بیرونی شور کو مکمل طور پر کنٹرول کرکے صرف وہی آواز سنانے کی صلاحیت رکھتی ہے جو موبائل فون سے سنی جارہی ہو۔
ہیئر ون کو بلو ٹوتھ یا کسی کیبل کے بجائے ایک ایپلی کیشن کی مدد سے چلایا جاتا ہے اور اس کے ذریعے ساؤنڈ مکسنگ بھی کی جاسکتی ہے۔
مالیکیولائٹ آئی ایکس:
مالیکیو لائٹ آئی ایکس نامی آلہ زخم کی گہرائی اور انفیکشن دکھانے والا انوکھا دستی اسکینر ہے جس کی مدد سے ڈاکٹرز زخم کی گہرائی اور اس سے متاثرہ جسم کے حصے کا اندازہ لگا لیتے ہیں۔
یہ آلہ گزشتہ سال آزمائشی طور پر کینیڈا اور برطانیہ کے 2،2 اسپتالوں میں ٹیسٹ کیا گیا تاہم 2017 میں اسے مارکیٹ میں متعارف کروا دیا گیا۔
مالیکولائٹ آئی ایکس کی پہلی خوبی یہ ہے کہ یہ زخم کی درست ترین پیمائش کرتا ہے اور ساتھ ہی گہرائی بھی بتاتا ہے، اگر آپ کو شک ہے کہ اسپتال کا بستر یا جراحی کا کوئی آلہ جراثیم سے آلودہ ہے تو یہ آلہ اس کی بھی خبر دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔