نیپچون کے دائرے دریافت کرنے والا سائنسدان چل بسا
نظام شمسی کے آٹھویں اور آخری سیارے نیپچون کے گرد دائروں کو دریافت کرنے والے سائنسدانوں میں سے ایک ماہر فلکیات اینڈری بریحک انتقال کر گئے ہیں۔
71 برس کے فرانسیسی شہری اینڈری بریحک ماہر فلکیات کی اس ٹیم میں شامل تھے جنھوں نے 1984 میں نیپچون کے گرد دائروں کو دریافت کیا اور ان کے نام جہموریہ فرانس کے شعار کے نام پر برابری، آزادی اور بھائی چارہ پر رکھی۔
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے اینڈری بریحک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں جانا جاتا تھا کہ وہ ’کتنی آسانی سے خلا کے رازوں کو بیان کر دیتے تھے۔‘
اینڈری بریحک کے دوست اور ان کے پبلشر اوڈلے جیکب کے مطابق’ وہ ایک زبردست شخصیت تھے، غیر معمولی طور پر ملنسار، عاجزانہ، معتبر اور عظیم مفکر، ایک لکھاری اور قصہ گو تھے۔‘
اینڈری بریحک نے سیارہ زحل کے دائروں میں دلچپسی کے باعث امریکی ماہر فلکیات ویلیم ہوڈبرڈ کے ساتھ مل کر نیپچون کے دائروں کو دریافت کیا تھا۔
اینڈری بریحک نے جوہری ایجنسی کے علاوہ پیرس میں متبادل توانائی کے ادارے میں پروفیسر کے طور کام کیا۔
اس کے علاوہ یورپی اور امریکی خلائی ایجنسی کے خلا میں بغیر خلا بازوں کے بھیجے جانے والے مصنوعی سیاروں کے پروگرامز میں کام کیا۔
1990 میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک سیارچے 3488 کا نام بریحک رکھا گیا تھا۔