تعلیم و ٹیکنالوجی
قبائلی علاقوں میں براڈ بینڈ کی فراہمی کامعاہدہ طے پاگیا، ٹیلی مواصلات نے انقلاب برپا کردیا: وزیر اعظم
اسلام آباد: قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کےلئے براڈ بینڈ کی فراہمی کامعاہدہ طے پاگیا ہے، معاہدے پردستخط کی تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
منصوبے کا مقصد ملک کے تمام حصوں کو ٹیلی کام کی ترقی سے مستفید کرنا ہے، قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کیلئے براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، اس وقت ملک کے 5 ہزار 896 دیہاتوں کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اس نئے منصوبے سے خیبر ایجنسی ، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان کے علاقے مستفید ہوں گے۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شریک وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبے نے ملک میں انقلاب برپا کردیاہے، ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی براڈ بینڈ سہولت فراہم کی جا رہی ہے ،پائیدار ترقی کیلئے یو ایس ایف خدمات فراہم کر رہا ہے۔