چاند پر بھی 4 جی انٹرنیٹ کی تیاریاں
برلن: اب چاند کی سطح پر بھی پہلی بار 4 جی موبائل انٹرنیٹ استعمال کیا جاسکے گا جس کے ذریعے ایچ ڈی ویڈیوز کو براہ راست نشر کرنا ممکن ہوگا۔ یہ نظام جرمن موبائل نیٹ ورک ووڈا فون اور ٹیکنالوجی کمپنی نوکیا مشترکہ طور پر تیار کریں گی تاکہ چاند پر انٹرنیٹ کو قابلِ استعمال بنانے کے مشن کی معاونت کی جاسکے۔ یہ کمپنیاں جرمنی میں قائم ادارے ’پی ٹی سائنٹس‘ سے مل کر کام کریں گی جو نجی طور پر 2019 میں چاند پر مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ووڈا فون 4 جی انٹرنیٹ نیٹ ورک تیار کرنے کےلیے اپنی خاصیت کا استعمال کرے گا جب کہ نوکیا ایک ’اسپیس گریڈ‘ بنائے گا جو ہلکا پھلکا ہوگا اور اس کا وزن دو پاؤنڈ سے بھی کم ہوگا۔
ووڈا فون کی جانب سے ہونے والی جانچ اس طرف اشارہ کرتی ہے کہ بیس اسٹیشن کو 1800 میگاہرٹز فریکوئنسی بینڈ استعمال کرتے ہوئے 4 جی سگنلز نشر کرنے اور چاند کی سطح کی پہلی لائیو ایچ ڈی ویڈیو فیڈ بھیجنے کے قابل ہونا چاہیے جس کے ذریعے عالمی ناظرین کےلیے چاند پر ایک گہری جگہ کا براہِ راست منظر نشر کیا جاسکے گا اور جسے پی ٹی سائنسدان، برلن میں موجود سرور سے مشن کنٹرول سینٹر سے مربوط کریں گے۔