داعش کی جانب سے کراچی میں موبائل ایپلیکشن کے ذریعے لڑکیوں کی برین واشنگ کا انکشاف
کراچی: نوجوانوں کے بعد کم عمر لڑکیاں بھی دہشت گردوں کے ہدف پر آگئیں، کراچی میں گرفتار دہشت گرد نے ذہن سازی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور موبائل ایپلیکشن کے استعمال کا انکشاف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق داعش کے دہشت گردوں نے موبائل ایپلی کیشن ٹیلی گرام کے ذریعے لڑکیوں کی ذہن سازی کا انکشاف کیا ہے۔ ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد عمران عرف سیف الاسلام نے انکشاف کیا کہ داعش کا ٹارگٹ زیادہ تر کم عمر لڑکیاں ہیں، لڑکیوں سے رابطہ اور ذہن سازی موبائل ایپ کے ذریعے کی جاتی ہے، واٹس ایپ اور موبائل فون ٹریس ہوئے تو ٹیلی گرام کا استعمال شروع کردیا۔
سیف الاسلام کے مطابق ٹریس ہونے کے خطرے کے پیش نظر انٹرنیٹ پراکسی سرورز اور ایپلیکشن کا استعمال بھی کرتے ہیں جس کے ذریعے باآسانی لوکیشن اور آئی پی ایڈریس تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ گرفتار دہشت گرد کے مطابق انٹرنیٹ کی تربیت داعش سے وابستہ لوگوں نے دی، سیف الاسلام آٹھویں جماعت پاس ہونے کے باوجود انٹرنیٹ کا ماہر اور فارسی زبان پر عبور رکھتا ہے۔