اسنیپ چیٹ میں ویڈیو کال گروپ سمیت نئے فیچر متعارف
سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کو گزشتہ چند ماہ سے اپنی ڈیزائن تبدیل کرنے پر جہاں شدید تنقید کا سامنا تھا۔ وہیں اب اس سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن نے نئے فیچرز متعارف کرانے سے صارفین کی توجہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔
خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ کو ڈیزائن تبدیل کرنے پر معروف ماڈل کایلی جینر سمیت دیگر شوبز شخصیات نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
کایلی جینر کی اسنیپ چیٹ کے خلاف کی گئی صرف ایک ٹوئیٹ سے ہی کمپنی کو پاکستانی ایک کھرب 30 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔
ڈیزائن کی تبدیلی کے بعد صارفین کی تنقید اور غصے کو کم کرنے کے لیے اب اسنیپ چیٹ نے نئے فیچرز متعارف کرانا شروع کردیے۔
اسنیپ چیٹ نے گروپ ویڈیو کال کا فیچر متعارف کرانے سمیت شیئر کی جانے والی پوسٹز میں دوستوں کو ٹیگ یا مینشن کرنے کا بھی فیچر متعارف کرادیا۔
اگرچہ پوسٹز میں دوستوں کو مینشن یا ٹیگ کرنے کے فیچر فیس بک اور اس کی سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام میں پہلے سے ہی موجود تھے، تاہم اسنیپ چیٹ نے بھی اب انہیں متعارف کرادیا۔
اب اسنیپ چیٹ صارف ویڈیو کال گروپ میں ایک ساتھ 16 افراد کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنا نہایت ہی آسان ہے، صارف کو پہلے ویڈیو آئکون میں جاکر ویڈیو چیٹ میں جانا پڑے گا، جہاں ابتدائی طور پر 3 سے 4 افراد کو گروپ کال یا چیٹ میں شامل کرکے مزید دوستوں کو دعوت دی جاسکتی ہے۔
یہی نہیں بلکہ اسنیپ چیٹ نے وائس کال گروپ میں افراد کی تعداد بڑھادی ہے، جس کے بعد اب کوئی بھی اسنیپ چیٹ صارف وائس کال میں بیک وقت 32 افراد کو شامل کرسکتا ہے۔
اسنیپ چیٹ نے کال گروپ اور چیٹ کے نئے فیچر متعارف کرانے سمیت پوسٹز میں دوستوں یا دیگر صارفین کو مینشن یا ٹیگ کرنے کا فیچر بھی متعارف کرادیا۔
اس فیچر کو بھی استعمال کرنا نہایت آسان ہے، اسنیپ چیٹ صارف کو ٹوئٹر کی طرح کسی بھی دوست کو پوسٹ ٹیگ کرتے وقت@ لکھنے کے بعد صارف کا نام لکھنا ہوگا۔
اسنیپ چیٹ کی جانب سے ڈیزائن کو تبدیل کرنے کے بعد نئے فیچرز کو متعارف کرائے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ سوشل شیئرنگ ویب سائٹ مزید نئے فیچر متعارف کرائے گی۔
واضح رہے کہ اسنیپ چیٹ نے کال ویڈیو کا فیچر 2016 میں متعارف کرایا تھا۔