فیس بک کے بانی کا پرائیویٹ چیٹ اسکین کرنے کا اعتراف
کیلیفورنیا: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعتراف کیا ہے کہ میسنجر میں ہونے والی پرائیویٹ چیٹ کو فیس بک اسکین کرلیتا ہے۔ فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے مارک زکربرگ نے بتایا کہ میسنجر میں آنے والا ہر قسم کا مواد (پیغامات، وائس میسج، ویڈیوز، فوٹوز سب کو) ازخود نظام کے تحت اسکین کیا جاتا ہے۔
یہ نظام میسنجر میں بھیجے جانے والے ہر میسج کو فوری طور پر اسکین کرتا ہے تاکہ اس بات کا پتا لگایا جاسکے کہ شیئر ہونے والا پیغام فیس بک کمیونٹی کی پالیسیوں اور اصولوں کے برخلاف تو نہیں؟ اگر فیس بک کی مروجہ پالیسیوں کے خلاف کوئی بھی مواد اسکین ہوتا ہے تو اسے فوری طور پر بلاک کردیا جاتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق زکربرگ نے واضح کیا کہ میسنجر پر اسکین کیا گیا مواد اشتہارات کےلیے قطعی استعمال نہیں ہوتا، کمپنی توہین آمیزیا اشتعال انگیزی پر مبنی مواد کو اسی طریقہ کار کے تحت روک دیتی ہے جس طرح فیس بک ایسے مواد کو بلاک کرنے کےلیے ٹولز کا استعمال کرتی ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے مثال دی کہ اگر دو افراد آپس میں میسنجر پر پیغامات بھیج رہے ہیں تو اسی وقت ازخود نظام فعال ہوجاتا ہے جو خود کار طریقے سے بھیجی گئی تصویر کو اسکین کرکے ایک تکنیک سے پتا لگاتا ہے کہ اسکین شدہ تصویر کسی بچے کے استحصال کےلیے استعمال تو نہیں ہورہی؟ یا یہ کہ بھیجا گیا لنک کہیں وائرس تو نہیں؟
ترجمان کے مطابق جیسے ہی میسنجر سمجھتا ہے کہ بھیجا گیا مواد اس طرح کا ہے جس سے کسی نقصان کا اندیشہ ہے تو خودکار نظام اسے ازخود فوراً بلاک کردیتا ہے۔