آن لائن ٹیکسی سروس ‘کریم‘ کے ملازمین اور صارفین کا ڈیٹا چوری
لاہور: آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ کے ملازمین اور صارفین کا ڈیٹا سائبر حملے میں چوری ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق آن لائن سفری سہولیات مہیا کرنے والی کمپنی ’ کریم‘ کے ملازمین اور صارفین کا ڈیٹا محفوظ نہیں رہا۔ سائبر حملے میں ہیکرز نے کمپنی کا تمام ڈیٹا چوری کرلیا جس میں ملازمین کے کوائف کے علاوہ صارفین کے ای میل ایڈریس، فون نمبرز اور دیگر معلومات بھی شامل ہیں۔
آن لائن کمپنی کریم کے ترجمان نے ڈیٹا چوری ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سائبر حملے میں گزشتہ برس سے قبل کا ڈیٹا چوری ہوا ہے جب کے رواں سال جنوری سے کمپنی کی سہولیات حاصل کرنے والے صارفین کا ڈیٹا اب بھی محفوظ ہے۔ اس حوالے سے کمپنی نے ایف آئی اے سے رجوع کرلیا ہے اور ڈیٹا ریکوری پر کام جاری ہے۔
واضح رہے آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ موبائل اپلیکیشن کے ذریعے اپنے صارف اور ملازمین سے رابطے میں رہتی ہے اور یہ اپلیکیشن استعمال کرنے والے تمام صارفین کا ڈیٹا کمپنی کے پاس موجود ہوتا ہے۔ کم کرایہ اور اچھی گاڑیوں کے باعث شہریوں میں آن لائن ٹیکسیوں کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔