خواتین کو جنسی ہراسانی سے محفوظ رکھنے والی چین لاکٹ
واشنگٹن: امریکا میں خواتین کو جنسی ہراساںی سے بچانے کے لیے ’پرسنل سیکیورٹی جیولری‘ متعارف کرادی گئی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں خواتین کو جنسی ہراسانی اور زیادتی کے واقعات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسی جیولری متعارف کرائی گئی ہے جسے پہن کر خواتین اپنے اہل خانہ سے رابطے میں رہ سکتی ہیں اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں اہل خانہ خبردار ہوجائیں گے اور خاتون کی لوکیشن کا بھی تعین کیا جا سکے گا۔
اس جیولری کو حفاظتی آلات بنانے والے امریکی ادارے ’ریوالور‘ نے تیار کیا ہے۔ چین اور لاکٹ پر مشتمل اس جیولری کو اسمارٹ فون سے منسلک کیا جا سکتا ہے اور جیسے کوئی حملہ آور یا اوباش شخص خاتون کو تنگ کرتا ہے تو یہ ڈیوائس اسمارٹ فون ایپس کے ذریعے اہل خانہ کو مطلع کردیتی ہے۔ اس کی مدد سے خاتون کی لوکیشن بھی معلوم کی جاسکتی ہے جس سے خاتون کو فوری مدد دی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ اس قسم کی سیکیورٹی ڈیوائس’ کی چین ‘ اور بریسلیٹ کی صورت میں مارکیٹ میں پہلے ہی سے دستیاب ہیں تاہم اب اس میں جدید تبدیلیوں کے بعد چین اور لاکٹ کی صورت میں متعارف کرایا گیا ہے جسے پہن کر خواتین کو تحفظ کا احساس ہو گا۔