وڈیو گیم کھیلنے کی عادت ذہنی بیماری شمار، عالمی ادارہ صحت نے باقاعدہ تسلیم کرلیا
عالمی ادارۂ صحت نے الیکٹرانک گیمز یا ویڈیو گیمز کو مسلسل کھیلنے کی عادت کو باقاعدہ طور پر ذہنی بیماری تسلیم کرلیا۔بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے بیماریوں کی تازہ ترین فہرست جاری کردی ہے اس فہرست میں مسلسل ویڈیوز گیمز کھیلتے رہنے کی لت کو بھی بطور ’گیمنگ ڈس آرڈر‘ شامل کرلیا ہے۔ گیمنگ ڈس آرڈر کو بیماریوں کی فہرست میں شامل کرنے سے قبل ماہرین نے ویڈیوز گیم کو مسلسل کھیلنے والے صارفین کی عادت و اطوار اور برتاؤ کا باریک بینی سے مطالعہ کیا۔ویڈیو گیمز کی لت میں گرفتار افراد میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے والے طبی ماہرین نے عالمی ادارۂ صحت کو پیش کردہ رپورٹ میں اس عادت کو بیماری تسلیم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر ویڈیوز گیمز محفوظ ہوتے ہیں تاہم ایسے واقعات بھی ہیں جن میں گیمز کی لت خود صارف یا متعلقہ لوگوں کو نقصان پہنچانے کا موجب بنی ہے ایسے افراد کا علاج کیا جانا ہے۔عالمی ادارۂ صحت کے مطابق بیماریوں کی ایسی فہرست اس سے قبل 1992ء میں بھی شائع کی گئی تھی۔ دوسری جانب ویڈیو گیمز بنانے والی صنعت نے طبی ماہرین کی عالمی ادارۂ صحت کو بھیجی گئی سفارش میں موجود شواہد کو غیرحتمی قرار دیتے ہوئے انہیں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس حوالے سے ویڈیو گیمز بنانے والی کمپنیوں نے روٹ میپ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔