اب آواز کی طاقت والے برش سے دانت صاف کریں
لندن: ایک کمپنی نے روایتی ٹوتھ برش کو تبدیل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس نے آواز کے ارتعاشات سے دانت صاف کرنے والا ایک انقلابی ٹوتھ برش بنایا ہے جو صرف 30 سیکنڈ میں دانتوں کو مکمل طور پر صاف کرتا ہے۔
کک اسٹارٹر پر یہ ایجاد لوگوں کی طرف سے مالی مدد کی منتظر ہے جسے ’چیز‘ ٹوتھ برش کا نام دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایما برش اور یونیکو نامی ایسے ہی ٹوتھ برشوں کو عوام نے رقم دے کر کامیاب کرایا تھا لیکن صارفین نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔
چیز میں موٹر لگی ہے جو آواز کے ساتھ ارتعاشات پیدا کرتی ہے۔ برش کے ریشے غیرمعمولی رفتار پرایک منٹ میں 25 ہزار مرتبہ دانتوں سے رگڑتے ہیں ۔ ٹوتھ پیسٹ کو بہترین انداز میں جھاگ میں تبدیل کرتے ہیں اور دانتوں کے درمیان کا میل بالکل صاف ہوجاتا ہے۔
چیز کو کسی بھی ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ ایک مرتبہ چارج کرکے 10 دن تک استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس کے ساتھ ایک وائرلیس چارجر پلیٹ فارم بھی فروخت کیا جائے گا۔ اس کی تعارفی قیمت پاکستانی 7 سے 9 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور اس کی باقاعدہ فروخت اس سال ستمبر میں شروع ہوگی۔