عید تعطیلات، اے ٹی ایمز میں وافر کرنسی رکھنے کی ہدایت
فیصل آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر اسٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتے داران کو عیدالاضحی کے ایام میں رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسٹیٹ بینک کے ذرائع نے بتایا کہ مختلف بینکوں کے کھاتے داران کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ عید کے موقع پر اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آئوٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی انجام دہی میں بھی شدید دشواری پیش آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر مقدار میں کرنسی رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔