مہران کے مقابلے پر ’سستی اور بہترین‘ پاکستانی گاڑی مارکیٹ میں آنے کو تیار
لاہور: موٹرسائیکلیں بنانے والی کمپنی یونائیٹڈ آٹو اگلے ماہ مارکیٹ میں سوزوکی مہران کے مقابلے پر ایک گاڑی براوو میدان میں لانے والی ہے۔ پرو پاکستانی کی ایک رپورٹ کے مطابق 800 سی سی کی ہیچ بیک گاڑی یکم ستمبر کو متعارف کرائی جارہی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس میں کسی بھی مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑی سے زیادہ فیچرز ہوں گے۔کمپنی نے گزشتہ سال اس گاڑی کو متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے اسے سوزوکی مہران کے مقابلے پر لانے کا کہا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق یونائیٹڈ موٹرز کے جنرل منیجر محمد افضل نے بتایا کہ ہماری گاڑیاں اور پک اپ سوزوکی برانڈ کی نقل نہیں ہوں گی، ہماری گاڑیاں بالکل مختلف ہوں گی، جن میں متعدد خصوصیات اور حفاظتی معیار کا خیال رکھا جائے گا۔اب نئی رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ براوو 40 ہارس پاور کے تھری سلینڈ واٹر کول انجن کے ساتھ ہوگی جس میں ڈیجیٹل انفو کلسٹر، آر پی ایم و اسپیڈو میٹر ڈائلز، انفوٹینمنٹ سسٹم (ٹچ اسکرین)، پاور ونڈوز، سیٹ بیلٹ کے وارننگ انڈیکٹر، پارکنگ کیمرہ (رئیر) جیسے فیچرز موجود ہوں گے۔
درحقیقت یہ گاڑی انٹری لیول مارکیٹ کے لیے تیار کی جارہی ہے کیونکہ سوزوکی جانب سے رواں سال نومبر میں مہران وی ایکس کو ختم کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔اس گاڑی کی جو تصاویر کچھ عرصے پہلے سامنے آئی تھیں ، ان میں یہ ڈیزائن کے لحاظ سے مہران سے زیادہ بہتر نظر آرہی تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس گاڑی کی قیمت 6 سے 7 لاکھ روپے تک ہونے کا امکان ہے تاکہ سوزوکی مہران کو سخت ٹکر دی جاسکے۔پاک سوزوکی اب تک مارکیٹ میں غالب رہا ہے کیونکہ حال میں دوسری کمپنی کی جانب سے بنائی گئی الحاج فا (ایف اے ڈبلیو) کی قیمت تقریباً 10 لاکھ تک تھی جو راوی اور بولان سے زیادہ ہے۔اس بارے میں جاپانی کاروں کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ یونائیٹڈ، پاک سوزوکی کے مارکیٹ شیئر میں کس طرح خلل ڈالتا ہے۔