انٹرنیٹ پر بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کیلئے گوگل کا نیا ٹول متعارف
گوگل نے انٹرنیٹ پر بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کے لیے نیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹول متعارف کروا دیا۔ گوگل نے یہ قدم برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید کے پر زور مطالبے کے بعد اٹھایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اے آئی ٹول انٹرنیٹ پر بچوں کے جنسی استحصال کی نشاندہی کرے گا۔
یہ فری ٹول تصاویر کی شناخت کرتا ہے جو ویب سائٹ موڈریٹرز کو بچوں سے متعلق بیہودہ مواد فوری ہٹانے میں مدد دےگا۔
یہ ٹول این جی اوز اور گوگل کی پارٹنر کمپنیوں کو دستیاب ہوگا۔
اس سے پہلے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول جیسے کہ مائیکروسوفٹ کا فوٹو ڈی این اے صرف پہلے سے نشاندہی کی گئی تصاویر پکڑ سکتا تھا، لیکن اب اس نئے ٹول کی مدد سے نئی اَپ لوڈ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی فوری روکا جاسکے گا۔
اگرچہ گوگل کے اس نئے ٹول کی نشاندہی کی صورت میں کسی انسان کی جانب سے اس کی تصدیق ضروری ہوگی، تاہم یہ ٹول صرف متعلقہ مواد ہی ریویو (جائزے) کے لیے پیش کرے گا۔