سمارٹ فون،سام سنگ کاایک اورمنفرد ڈیزائن
گزشتہ سال سام سنگ نے ڈبلیو 2016 کام شیل نامی فلپ اسمارٹ فون متعارف کرایا تھا جس کے اندر فیچرز فلیگ شپ فونز جیسے تھے۔اب یہ جنوبی کورین کمپنی اس سے بھی بہتر فلپ اسمارٹ فون پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ڈبلیو 2017 ویرون نامی یہ منفرد ڈیزائن کے اسمارٹ فونز ان صارفین کے لیے ہیں جنھیں بڑی اسکرین والی ڈیوائسز کا استعمال پسند نہیں یا جیب میں رکھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔یہ نیا فلپ فون ممکنہ طور پر سنیپ ڈراگون 820 پروسیسر، 4 جی بی ریم اور اینڈرائیڈ 6.0.1 کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔یعنی اپنے فیچرز کے لحاظ سے یہ فون گلیکسی ایس سیون اور نوٹ سیون جیسا ہی ہے تاہم ابھی کیمرے اور ڈسپلے ریزولوشن کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔چونکہ سام سنگ نے ڈبلیو 2016 کو گزشتہ سال نومبر میں پیش کیا تھا، لہذا اس سیریز کی نئی ڈیوائس کو متعارف کرانے میں ابھی کچھ ماہ باقی ہیں۔گزشتہ سال کا فون چائنا مارکیٹ کے لیے تیار کیا گیا تھا اور اس سال بھی ایسا ہی کیے جانے کی توقع ہے۔تاہم ممکن ہے کہ سام سنگ اسے دنیا بھر کی مارکیٹس میں بھی فروخت کے لیے پیش کرے۔