پی ٹی اے نے موبائل فونز کی شناخت اور بلاکنگ سسٹم فعال کردیا
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فونز کی شناخت اور بلاکنگ سسٹم کو فعال کردیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے ملک میں جعلی موبائل فونز کا استعمال روکنے، فون چوری کی روک تھام اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بلاکنگ سسٹم فعال کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے بذریعہ اشتہار صارفین کو تنبیہ کی ہے کہ صارفین نئی یا استعمال شدہ موبائل فون ڈیوائسز خریدنے سے پہلے اس کے انٹرنیشنل موبائل ایکیوپمنٹ آئیڈینٹیٹی (آئی ایم ای آئی) نمبرز کی تصدیق ضرور کرلیں، غیر تصدیق شدہ موبائل فون یا ڈیوائس قابل استعمال نہیں ہوگی۔
پی ٹی اے نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی جانب سے منظور شدہ ٹیلی کام پالیسی 2015 کے پیش نظر موبائل فونز کی شناخت اور بلاک کرنے کا نظام ڈیوائس آئی ڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم فعال کیا ہے۔
پی ٹی اے نے اعلان کیا ہے کہ یکم دسمبر سے قبل وہ تمام موبائل ڈیوائسز بشمول نان کمپلائنٹ ڈیوائسز جو تمام موبائل نیٹ ورکس پر فعال تھیں انہیں صارفین کے آئی ایم ای آئی کو انہی کے موبائل فون نمبر کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔
تاہم ایسی نئی موبائل ڈیوائسز جن کے آئی ایم ای آئی بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں، انہیں پاکستانی حدود میں کہیں بھی رابطے اور خدمات کی سہولت دستیاب نہیں ہوسکے گی۔
اپنے موبائل کا اسٹیٹس معلوم کریں
پی ٹی اے کی جانب سے صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس موبائل ڈیوائسز کا اسٹیٹس معلوم کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ موبائل ڈیوائسز کا اسٹیٹس معلوم کرنے کے لیے اپنے موبائل ڈائلر سے*#06# ڈائل کر کے 15 ہندسوں کا IMEI نمبر اپنے موبائل ڈیوائس پر وصول کریں اور 8484 پر میسج (SMS)کریں۔
آئی ایم ای آئی نمبر کہاں سے حاصل کیا جائے ؟
اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین اپنے موبائل کے مین مینیو میں سیٹنگ کے آپشن پر جائیں جس کے بعد سب سے نیچے اباؤٹ ڈیوائس کے آپشن پر کلک کریں۔ وہاں آپ کو اسٹیٹس کا آپشن ملے گا جہاں کلک کرنے کے بعد آپ کو 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر دستیاب ہوگا۔