ایپل کے نئے آئی فون میں ہیڈ فون جیک ختم
آئی فون سیون بدھ کو سان فرانسسکو میں کمپنی کی نئی مصنوعات کی سالانہ تقریبِ رونمائی کے دوران پیش کیا گیا۔
یہ نیا فون ایسے وقت سامنے آ رہا ہے جب ایپل کے کاروباری حریف سام سنگ نے اپنے نوٹ سیون فون کی بیٹری کے مسائل سامنے آنے کے بعد اسے واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایپل نے کہا ہے کہ اس نے جرات کر کے ایک قدم اٹھایا ہے جس کے تحت ہیڈ فون اب فون چارجنگ کے لیے استعمال ہونے والی لائٹننگ پورٹ میں لگ سکیں گے۔
تاہم کمپنی نئے فون کے ہمراہ ایک اڈاپٹر بھی فراہم کرے گی جس کی مدد سے پرانے ہیڈفونز کا اس فون کے ساتھ استعمال ممکن ہو سکے گا۔
اس کے علاوہ ایپل نے وائرلیس ایئرفونز بھی متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جنھیں ایئرپوڈز کا نام دیا گیا ہے۔
ایپل نے اپنے اس فون کو پانی اور گرد سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور آئی فون سیون پانی میں ایک میٹر گہرائی تک نصف گھنٹے ڈوبا رہنے کے باوجود متاثر نہیں ہوگا۔
نئے فون میں طاقتور کیمرہ متعارف کروایا گیا ہے اور آئی فون 7 پلس کے پچھلے حصے میں دو عدسوں والا کیمرہ لگایا گیا ہے جو مختلف فوکل لینتھس پر تصویر کھینچ سکے گا۔
ایپل واچ
کمپنی کی جانب سے اس تقریب میں ایپل واچ کا نیا ماڈل بھی متعارف کروایا گیا جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ پانی میں 50 میٹر تک کام کر سکتی ہے اور سرفنگ یا تیراکی کے دوران استعمال کی جا سکتی ہے۔
سیریز 2 کی ایپل واچ کی نمایاں خصوصیات میں جی پی ایس ٹریکر، مزید طاقتور پروسیسر اور زیادہ روشن سکرین شامل ہیں۔
سپر ماریو
اگرچہ آئی فون 7 اور ایپل واچ کے بارے میں زیادہ تر اطلاعات پہلے ہی منظر عام پر آ چکی تھی۔ تاہم سان فرانسسکو میں ہونے والی اس تقریب میں ایک سرپرائز بھی تھا اور وہ یہ کہ ننٹینڈو کی مشہور ویڈیو گیم سپر ماریو اس سال کے آخر تک آئی فونز پر دستیاب ہوگی۔