اسمارٹ فونز کی فروخت کے معاملے میں ہواوے 2018 کی کامیاب ترین کمپنی
گزشتہ تین برس کے مقابلے میں رواں برس مقبول چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور ہواوے نے ایپل اور سام سنگ جیسی نامور ٹیکنالوجی کمپنیوں سمیت دیگر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں ہواوے گروپ نے اعلان کیا کہ رواں برس کمپنی گزشتہ برس سے زیادہ موبائل فونز فروخت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق 2018 میں 200 ملین اسمارٹ فونز کامیابی سے فروخت ہوئے، جن میں سب سے زیادہ ہواوے ’پی 20‘، ’میٹ 20‘سیریز اور ہونر 10 سیریز فروخت ہوئے۔
کمپنی نے بتایا کہ پی 20 سیریز کو 16 ملین سے زائد صارفین نے خریدا، جن میں نصف تعداد خواتین خریداروں کی تھی، کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ہواوے میٹ 20 سیریز رواں برس کی سب سے بہترین چِپ ثابت ہوئی۔
کمپنی کے مطابق ہواوے نے 2017 میں 10 کروڑ 70 لاکھ سے زائد موبائل فونز فروخت کیے تھے، جبکہ 2018 میں کمپنی نے اس سے زیادہ موبائل فروخت کیے۔
ہواوے نے رواں برس موبائل بنانے والی کمپنیوں میں ایپل سے جگہ چھین کر دوسری بڑی کمپنی کا اعزاز اپنے نام کیا اور سب سے زیادہ موبائل فروخت کرنے میں کامیاب ہوئی۔